میاں محمد نواز شریف کو وزارت عظمی سے ہٹانے والے پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں،علی اکبر گجر

اتوار 8 اکتوبر 2017 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر ضلعی رہنما ئوں سلطان بہادر خان، علی عاشق گجر، اسلم خٹک ، رانا صفدر جاوید، صوبائی رہنماں حاجی امین مانا، صالحین تنولی، سردار محمد نذیر، غلام مصطفی ایڈووکیٹ، کرامت چوہان، چوہدری اسد حسین،رانا عارف نے ایک مشترکہ بیان میں امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کے بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کو وزارت عظمی سے ہٹانے والے پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں سی پیک پر اعتراض کرنے والے خود ون بیلٹ ون روڈ سے متعلق رواں سال مئی میں ہونے والی کانفرنس میں 130 ممالک اور 70 عالمی تنظیموں کے ہمراہ شرکت کر چکے ہیں لیکن آج میاں محمد نواز شریف کی عدم موجودگی میں اسی ون بیلٹ ون روڈ کی مخالفت شروع کرنے والے پاکستان کو کمزور نہ سمجھیں، پاکستان کی معیشت اور قومی سلامتی کے لئے کسی قوت کو ڈکٹیشن دینے کی اجازت نہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی عالمی امن کے لئے قربانیوں کو نظر انداز کرنے والے بھول رہے ہیں کہ میاں محمدنواز شریف کے جراتمندانہ فیصلوں کی وجہ سے دنیا کو دہشت گردی کے آسیب سے نجات ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے پاکستان اور چین کے تعلقات پر تنقید کرنے والے کیوں بھول رہیں کہ کہ چین کے ساتھ امریکی تعلقات کی شاہراہ بھی پاکستان سے ہوکر منزل تک پہنچی تھی پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا کسی سمت سے بھی علاقائی تنازعات سے کوئی تعلق نہیں بنتا نہ ہی پاک چین معاہدے کسی تیسرے ملک کے مفادات سے ٹکراتے ہیں اس لئے امریکہ کو اپنے دیرینہ دوست ملک پاکستان کا دوست ہی رہنا چاہئیے آقا بننے کی کسی کوشش کو بیس کروڑ پاکستانی کبھی قبول نہیں کریں گے بھارتی سازشوں کو امریکی زبان میں بیان کرنے سے ہمارے قومی مفادات کو ٹھیس پہنچانے کی ہر کوشش اور ہر قوت کو بھرپور انداز سے جواب دیا جائے گا علی اکبر گجر نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ سے پاکستان اور چین ہی نہیں دنیا کا ہر ملک استفادہ کرسکے گا قوموں کے درمیاں فاصلے کم ہونے سے دنیا کا امن بھی مستحکم ہوگا کیونکہ یہ منصوبہ کسی دیگر فریق کے خلاف نہیں بلکہ معاشی تعاون کا ایسا باب ہے جو دنیا کو مزید قریب لائے گا اور باہمی رابطوں کے ذریعے تمام اقوام تک امن کا عالمی پیغام پہنچانے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا علی اکبر گجر نے کہا کہ امریکہ کو اپنے مفادات کے لئے پاکستان کے ازلی دشمن ہندوستان کی زبان بولنے سے گریز کرنا چاہئیے اور پاکستان کے قومی مفادات کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے نقصان پہنچانے کی کوششوں سے اجتناب کرنا ہوگا۔