(ن) لیگ آئندہ بھی عوامی اعتماد اور ووٹ کی قوت سے حکومت بنائے گی، عارف سندھیلا

میاں نواز شریف نے جمہوریت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ہم مارشل لا کے کندھوں پر نہیں عوام کے اعتماد کے ساتھ حکومت میں آئے ہیں ،ایمپائر کی انگلی کے اشارے پر ناچنے والے مارشل لا کی افواہیں اڑا کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں بھی کامیاب نہیں ہونگے، بیان

اتوار 8 اکتوبر 2017 20:10

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اکتوبر2017ء) شیخوپورہ پاکستان مسلم لیگ(ن)ممبرپنجاب اسمبلی عارف خان سندھیلا نے کہا ہے کہ کروڑوں پاکستانیوں کی حمائت سے اقتدار میں آنے والی پاکستان مسلم لیگ(ن)آئندہ بھی عوامی اعتماد اور ووٹ کی قوت سے حکومت بنائے گی عوام کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف نے جمہوریت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ہم مارشل لا کے کندھوں پر نہیں عوام کے اعتماد کے ساتھ حکومت میں آئے ہیں.

ایمپائر کی انگلی کے اشارے پر ناچنے والے مارشل لا کی افواہیں اڑا کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں بھی کامیاب نہیں ہونگی.

(جاری ہے)

اب ملک میں کبھی مارشل لا نہیں آئے گا نہ ہی منتخب حکومت کے خلاف کوئی غیر آئینی کوشش کامیاب ہوگی. مسلح افواج اور منتخب حکومت مثالی ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں. پاکستان مسلم لیگ(ن)کی منتخب جمہوری حکومت آئینی مدت کی تکمیل کے بعد آئندہ مدت کے لئے عوام کی عدالت میں جائے گی.

تحریک انصاف اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دے اور اپنے کارکنوں کو انصاف کی نام نہاد تحریک سے آزاد کردے عارف خان سندھیلا نے تحریک انصاف کے عمران خان کا مارشل لا کے بارے میں پاکستان مسلم لیگ(ن)پر الزام ان کی دیرینہ خواہش ہے جس کے لئے وہ بار بار ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں جس سے مارشل لا کی راہ ہموار ہوسکے لیکن ملک کے مقتدر اداروں اور عوام نے جمہوری حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کا حصہ بننے سے انکار کر کے عمران خان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہی.

پاکستان مسلم لیگ(ن)سمیت ملک کی تمام جمہوری قوتیں اب کسی غیر جمہوری اقدام کی حمائت کے لئے تیار نہیں اور نہ ہی مسلح افواج نے جمہوری معاملات میں مداخلت کی خواہش کی حوصلہ افزائی کی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت دن بدن تقویت پا رہی ہے اور جمہوری ادارے عوام کے مفادات کے تحفظ اور ملکی معاملات کو ماضی کی نسبت زیادہ موثر انداز سے چلا رہے ہیں.

ڈکٹیٹر مشرف کے پروردہ عمران خان کس منہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کی قیادت پر مارشل لا لگوانے کا الزام لگا رہے ہیں جبکہ وہ خود آج بھی مشرف کی آشیر باد سے کراچی میں سیاست کرتے ہیں. عوام کا سامنا کرنے اور ووٹ کی قوت سے مایوس عمران خان اب مارشل لا کو دعوت دے کر قوم کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں . پاکستان مسلم لیگ(ن)ہر بار عوام کی بھرپور حمائت سے اقتدار میں آئی اور آئندہ بھی ان شا اللہ بیس کروڑ پاکستانیوں کی تائید کے ساتھ ملک بھر میں حکومت بنائے گی.