Live Updates

محمد نواز شریف اور ان کا خاندان احتساب کے موجودہ عمل پر تحفظات کے باوجود قانون و آئین کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے،

عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، وفاقی وزیر چوہدری محمدبرجیس طاہر

پیر 9 اکتوبر 2017 20:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور ان کا خاندان احتساب کے موجودہ عمل پر اپنے شدید تحفظات کے باوجود قانون و آئین کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے اور اپنے خلاف لگائے ہوئے بے بنیاد الزامات کو غلط ثابت کرنے کیلئے عدالتوں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آج بدقسمتی سے پاکستان کا بچہ بچہ اور عام آدمی احتساب کے اس جانبدارانہ عمل کو آسانی سے پہچان چکاہے جہاں صرف اور صرف محمد نوازشریف اور اُن کے خاندان کو سیاست سے بیدخل کرنے کیلئے جانبدارانہ احتساب کاعمل شروع کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ جب بھی ملک کسی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتاہے تو بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے دُشمن پاکستان کو ترقی کے راستے سے ڈی ریل کرنے کے لیے سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے محمد نواز شریف جیسا مخلص رہنما پاکستان کی ماضی قریب کی تاریخ میں کوئی نہیں ملتا۔ اُنہوںنے کہا کہ جب بھی محمدنوازشریف برسراقتدار آئے تو کبھی ایٹمی دھماکوں کی صورت میں پاکستان کو دفاعی لحاظ سے مضبوط بنایا اور کبھی سی پیک جیسے منصوبوں کی صورت میں پاکستان کو مضبوط معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

انہوںنے کہاکہ 2013ء میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے دُشمنوں کو علم تھا کہ اگر محمد نواز شریف کو کام کرنے دیا گیا تو پاکستان کے عوام انتہائی خوشحال اور معاشی لحاظ سے خود کفیل ہو جائیں گے جس کے باعث عمران خان جیسے سازشی عناصر کا پاکستان کی سیاست سے کردار ختم ہو جائے گا لہذا اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی خاطر عمران خان جیسے سازشی عناصرنے پاکستان کو معاشی وسیاسی لحاظ سے وہ نقصان پہنچایا ہے کہ جس کے اثرات آنے والے کئی سالوں تک محسوس کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف کوسپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نااہل کرنے سے اُن سازشی عناصر کے عزائم کی تکمیل ہوئی ہے جو پاکستان کو معاشی و سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم دیکھنا چاہتے تھے ۔اُنہوںنے کہا کہ دوسروں کے خلاف سازشوں کا جال بُن کر عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، اُن کی سازشوں اور نوازشریف اور اُن کے خاندان کے خلاف جانبدرانہ احتساب کے عمل سے نوازشریف اور عوام کا رشتہ اور بھی مضبوط ہو رہا ہے جس کی 2018 ء کے انتخابات میں بھرپور عکاسی ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی کارکردگی کو مکمل طورپرجانچ چکے ہیں جہاں ڈینگی کے نتیجہ میں آئے دنوں جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو چاہئے کہ پنجاب میں جا کر دیکھیںکہ تبدیلی کیسے آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی محض باتیں کرنے ،دھرنے دینے اور سازشیں کرنے کی بجائے دن رات کام کرنے سے آتی ہے جیسے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف اور اُن کی ٹیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں خیبر پختونخوا کی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھرپور مینڈیٹ دیں گے اور اس صوبے میں بھی میگا پروجیکٹس کا جال بچھا کر اس صوبے اور اس کے عوام کی تقدیر بدل دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات