سپریم کورٹ نے وائس چانسلر کی تقرریوں کا معیار طے کرنے کے اختیار کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی

پیر 9 اکتوبر 2017 20:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) سپریم کورٹ نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تقرریوں کا معیار طے کرنے سے متعلق صوبائی حکومت کے اختیار کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرلی اور متلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

پیرکوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمرعطابندیال اورجسٹس فیصل عرب پرمشتمل تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی حکومت کو پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کے انتخاب کا معیارطے کرنے کا اختیار حاصل نہیں، صوبائی حکومت اس حوالے سے قانون سازی کرنے کی بھی مجاز نہیں ہے۔

وائس چانسلر زکی تعیناتی کا معیار اورقواعد مقرر کرنا وفاقی معاملہ ہے اس لئے استدعاہے کہ اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے فاضل وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور متلقہ فریقینکو نوٹس جاری کر دیئے اور مزیدسماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔