پروین رحمان قتل کیس، سپریم کورٹ کی باقی ماندہ مفرور ملزمان کو جلد ازجلد گرفتارکرنے کی ہدایت

منگل 10 اکتوبر 2017 21:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) سپریم کورٹ نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کراچی کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل سے متعلق مقدمہ میں پولیس کو باقی ماندہ مفرور ملزمان کو جلد ازجلد گرفتارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراجیکٹ ملازمین اور کیس کی پیروی کرنے والے وکیل کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

پولیس نے کیس کی تحقیقات اورملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے پیشرفت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میںملوث ملزم رحیم سواتی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ا ورچالان پیش کرنے کے بعد ان کا مقدمہ انسدادہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کودرخواست گزار کے وکیل بیرسٹرراحیل کامران نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کے مطابق اب تک تین ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں ، اب بھی تین ملزمان کوگرفتارکرناباقی ہے ،انہوں نے استدعاکی کہ پولیس کومزید ملزمان گرفتار کرنے اور کیس کی ابتدائی تفتیش کرنے والے دو تھانیداروں سے بھی تفتیش کرنے کاحکم دیا جائے ۔

سماعت کے دوران مقتولہ کی ہمشیرہ عقیلہ اسماعیل نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزم رحیم سواتی کا گھر اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کے دفتر کے قریب واقع ہے ، اب ملزم کا بیٹا اور دیگر افراد وہاں آکر ہمیں اور مقدمہ کے وکیل کو ہراساں کرتے ہیںہمیں دھمکیاں دی جاتی ہیں ، عدالت ہمارے تخفظ کیلئے بھی حکم جاری کرے جس پر عدالت نے ڈی آئی جی کراچی کو باقی تین ملزمان کو آئندہ سماعت سے قبل گرفتار کرنے اورمتاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم جاری کیا اورہدایت کی کہ آئی جی سند ھ کے پا س پہلے سے ہی موجود ابتدائی تفتیش کرنے والے دو تھانیداروں سے بھی تفتیش مکمل اور تین ہفتوں میں ان کا فیصلہ کیا جائے بعد ازاں مزید سماعت چار ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :