چیئرمین نادرا ودیگر افسرا ن کے بغیر اجازت بیرون ملک روانگی کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، ترجمان نادرا

چیئرمین نادرا وزیر اعظم سے قواعد و ضوابط کے مطابق اجازت لیکر بیرونی ملک سرکاری دورے پر گئے ہیں

بدھ 11 اکتوبر 2017 17:59

چیئرمین نادرا ودیگر افسرا ن کے بغیر اجازت بیرون ملک روانگی کی خبریں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی اینڈ رجسٹریشن (نادرا ) کے ترجمان نے بعض اخبارات میں شائع ہونیوالی چیئرمین نادرا اوردیگر افسران کے بغیر اجازت بیرون ملک روانگی کے متعلق خبرکو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بدھ کو ترجمان نادرا نے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین نادرا وزیر اعظم سے قواعد و ضوابط کے مطابق اجازت لیکر بیرونی ملک سرکاری دورے پر گئے ہیں۔

ان کا یہ دورہ نادرا کا حال ہی میں فجی حکومت کیساتھ طے پانے والے معاہدے کہ سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں فجی حکومت سے ان کا کامیاب الیکشن مینجمنٹ سسٹم بنانے کے بعد سمارٹ آئی ڈی کارڈ اور دیگر معاہدوں پر بات چیت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں پریہ بات بھی بیان کرنا ضروری ہے کہ نادرا سوڈان، کینیا، نائیجیریا، بنگلادیش اور دیگر ممالک میں ان کے آئی ڈی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس ، ای پاسپورٹ، الیکشن مینجمنٹ سسٹم، سول رجسٹریشن پروگرام اور دیگر پروجیکٹس پر کام کر رہا ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا لوہا منوا چکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نادرا کا دیگر عملہ بھی قوائد و ضوابط کے مطابق مجاز اتھارٹی سے اجازت کے بعد سرکاری دورے پر روانہ ہوئے۔ ترجمان نادرا نے ذرائع ابلاغ عامہ سے درخواست کی ہے کہ نادرا میں ان دنوں تطہیر کا عمل جاری ہے جس کو سبوتاژ کرنے کے لئے متاثرہ ملازمین جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلارہے ہیں۔ تمام ذرائع ابلاغ عامہ سے گذارش ہے کہ نادرا کہ متعلق کسی بھی خبر کو شائع کرنے سے پہلے نادرا سے خبر کی تصدیق کی جائے تا کہ اصل حقیقت سامنے آسکے۔

متعلقہ عنوان :