میری وطن واپسی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے ،نوابزادہ گزین مری

اگر ڈیل کرکے آتا تو مجھے عدالتوں میں پیش نہ کیاجاتا ،میں تمام کیسوں کا سامنا کرونگا ، ابھی تک کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ،ہوسکتا ہے اپنی نئی سیاسی جماعت بنائوں رہائی کے بعد حتمی فیصلہ کرونگا ، صحافیوں سے بات چیت

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) نوابزادہ گزین مری نے کہاہے کہ میری وطن واپسی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے اگر ڈیل کرکے آتا تو مجھے عدالتوں میں پیش نہ کیاجاتا میں تمام کیسوں کا سامنا کرونگا اور اس کے بعد اپنے عوام کے پاس جائونگا ۔انہوں نے یہ بات بد ھ کے روز جوڈیشنل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے کے بعد پہلی مرتبہ صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے کوئی طاقت عوام کے پاس جانے سے نہیں روک سکتی میں ہر مشکلات کا سامنا کرئونگا اگر ڈیل کرکے آتا تو مجھے ایئر پورٹ سے ہی گرفتار نہ کیاجاتا مجھ پر آئے روز نئے مقدمات بنائے جارہے ہیں میں نہ پہلے مقدمات سے ڈرا تھا اور نہ آئندہ ڈرونگا تمام مقدمات کا سامنا کرونگا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھ سے بہت سی سیاسی جماعتوں نے رابطے قائم کئے ہیں تاہم ابھی تک میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا رہائی کے بعد اپنے عوام کے پاس جائونگا اور اس کے بعد فیصلہ کرونگا کہ میں نے کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہے یا کوئی نئی سیاسی جماعت بنائوں ۔

میرا اپنے عوام سے رابطہ پہلے بھی تھا اورا ب بھی ہے۔واضح رہے کہ نوابزادہ گزین مری کے خلاف تھانہ انڈسٹریل میں 2015میں اقدام قتل ،دہشتگردی اور دیگر مقدمات درج کئے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :