ملکی معیشت روکنے کے ذمہ دار ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے ہیں، سعد رفیق

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:29

ملکی معیشت روکنے کے ذمہ دار ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے ..
راولپنڈی۔11اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہی کہ ملک کے منتخب وزیر اعظم کو جب تضحیک اور تذلیل کرکے نکالیں گے تو سیاسی عدم استحکام ہو گا اور سرمایہ کار خوف زدہ ہو ں گے، ملکی معیشت روکنے کے ذمہ دار ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے ہیں، قیامت کے آثار ہیں کہ آصف زرداری احتساب عدالت سے بری ہوجاتے ہیں اور نواز شریف کو پھنسا لیا جاتا ہے۔

وزیر اعظم کو ایک ایسی تنخواہ پر نکال دیا جاتا ہے جو اس نے لی ہی نہیں ہے۔ جو سمجھتے ہیں نجکاری مسائل کا حل ہے وہ آکر ریلوے دیکھ لیں ہم نے نجکاری کئے بغیر اپنے وسائل سے ریلوے کو ٹھیک کیا ہے۔ حکومتی مدت مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ اپنا کام بھی جلد مکمل کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پروزارت ریلوے کی چیئرپرسن پروین آغا،ڈی ایس ریلوے راولپنڈی عبدالمالک اور دیگر متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی اپ گریڈیشن ریلوے نے اپنے ریونیو سے کی ہے جس پر دس کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ کوہاٹ راولپنڈی ریلوے ٹریک اور سروس بحال کرنے کے لئے کام کا آغاز ہو چکا ہے اوردسمبر میں ریل سروس شروع ہو جائے گی۔

2013 میں ریلوے کا ریونیو 18 ارب تھا اس سال 40 ارب روپے ریلوے نے کمائے۔انہوں نے کہا کہ ریل کا پہیہ چلا لیا ہے اورملک میں 14 نئے ریلوے اسٹیشن بنا رہے ہیں ۔ایک اینٹ کو اٹھانے کے لئے ٹھیک کیا تو نیچے سے کئی خرابیاں نکلیں، جیسے پیاز کی پرت اترتی ہے۔ریلوے کی زمینوں کے قبضے چھڑوائے جبکہ بعض قابض عدالتی اسٹے کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بزنس ٹرین کے ڈیفالٹرز کے ریفرنسسز نیب کے پاس ہیں ان سے نیب نے پوچھا ہی نہیں، شالیمار ایکسپریس 66 کروڑ روپے دیتی تھی لیکن معاہدہ نہ بڑھانے پر وہی ٹرین ایک ارب 82 کروڑ روپے پر گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ایک ایسی تنخواہ پر نکال دیا جاتا ہے جو اس نے لی ہی نہیں لیکن یہاں رائل پام کلب پر قبضہ کیا ہوا ہے ان سے کوئی پوچھتا ہی نہیں ۔ پشاور شہر میں فرحاد شاہ نے دس ایکڑ ریلوے زمین لی تھی جسکا معاہدہ ختم ہے اب اسکے پیچھے ہوں سٹیٹ کو سنے بغیر اسٹے آرڈر نہیں ملنا چاہئے، جب ایساہوتاہے تو ہمارے معاملات لٹک جاتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شیخ رشید سیاسی جوکر ہے ان کو سنجیدگی سے نہیں لیتا ۔ رائے ونڈ والے نیک لوگ ہیں اور نیک لوگوں کی دعاؤں سے پاکستان چل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :