تاجر برداری کے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،گورنر پنجاب

بدھ 11 اکتوبر 2017 21:41

تاجر برداری کے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،گورنر ..
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے‘ ان کے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ تاجر ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں آل پاکستان انجمن تاجران ضلع ملتان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں صدر آل پاکستان انجمن تاجران ضلع ملتان سید جعفر علی شاہ، صدر جنوبی پنجاب شیخ جاوید اختر، سٹی صدر ملتان عارف صبیح اللہ اور دیگر عہدیدار و تاجر رہنماشامل تھے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہاکہ تاجر برادری ہمارے لئے نہایت ہی قابل احترام ہیں ہم ان کے مسائل حل کریں گے، تاجر برادری کو کاروبار کے لئے پُر امن ماحول اور تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنی تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو اچھی طرح بروئے کارلاسکیں جس کے لئے تمام سرکاری ادارے تاجر برادری کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے تیار ہیں، اس موقع پر تاجروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سورج میانی روڈ تقریباً 4سال سے اکھاڑ پچھاڑ کا شکار ہے جس کی وجہ سے ہمیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ہمارا کاروبار متاثر ہورہا ہے‘ گرد آلود فضا سے بھی وہاں بہت سی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں، اسی طرح تاجروں نے کہاکہ چونگی نمبر9سے چوک کمہاراں والا تک خانیوال روڈ پر آئے روز حادثات رونما ہورہے ہیں اور ٹریفک کا بہائو بہت بڑھ چکا ہے جس سے ٹریفک بلاک رہتی ہے‘ اس پر تاجروں نے تجویز دی کہ اس سڑک کو کشادہ کیا جائے، اسی طرح تاجروں نے کہا کہ چونگی نمبر14سے ریلوے پھاٹک کو جانے والی سڑک کی حالت بھی بہت خراب ہے جو کہ ٹریفک کی روانی میں مسائل پیدا کرتی ہے اور اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں‘ اس سڑک کی تعمیر و مرمت کرائی جائے، اس موقع پر گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

متعلقہ عنوان :