پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے

، ہم نے بے مثال قربانیاں دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں،پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آ رہا ہے امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا ’’ایمبیسڈرز انسائیڈر سیریز‘‘ پروگرام میں اظہار خیال

جمعرات 12 اکتوبر 2017 11:12

پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے جو سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ بدھ کو واشنگٹن ڈپلومیٹس ماہانہ اخبار کے زیر اہتمام ’’ایمبیسڈرز انسائیڈر سیریز‘‘ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ماضی میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں اتار چڑھائو آیا ہے تاہم جب بھی دونوں ملکوں نے مل کر کام کیا ہے اس سے بہت فائدے حاصل کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اس وقت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں کچھ غلط فہمیاں ہوں لیکن دونوں ملک مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے اس پر قابو پا لیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے افتتاحی کلمات میں اعزاز چوہدری نے شرکاء کو پاکستان میں سیکورٹی اور اقتصادی صورتحال اور بالخصوص گذشتہ چار سالوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف انتھک کوششوں کے نتیجہ میں بے شمار کامیابیوں کے حوالہ سے آگاہی دی۔

تقریب میں موجودہ اور سابق سفیروں، کانگریس، سینٹ، عملہ اور دفتر خارجہ کے حکام اور صحافیوں نے شرکت کی۔ ایک سوال کے جواب میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے بے مثال قربانیاں دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر اقتصادی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ کامیاب آپریشنز کے نتیجہ میں ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، اب پاکستان عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئے، پاکستان 20 کروڑ سے زائد آبادی کا ملک اور بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اس کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :