پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے،

خطے میں پائیدار امن کیلئے افغانستان میں استحکام انتہائی ضروری ہے،افغانستان میں سیاسی مفاہمت کیلئے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کریں گے، سیاسی مفاہمت ہی قابل عمل راستہ ہے، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل سٹڈیز میں ایک پروگرام سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 11:12

پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے،
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے،خطے میں پائیدار امن کیلئے افغانستان میں استحکام انتہائی ضروری ہے،افغانستان میں سیاسی مفاہمت کیلئے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کریں گے۔ سیاسی مفاہمت ہی قابل عمل راستہ ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل سٹڈیز میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں طلباء، تعلیمی ماہرین، تھنک ٹینک کے مبصرین اور میڈیا رپورٹرز بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے نے کہا کہ افغانستان میں سیکورٹی کی ناکامی کا الزام پاکستان پر لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا اور یہ پاکستان کے عوام پر بھی ایک تہمت ہو گی جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے نیشنل ایکشن پلان پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کا انفراسٹرکچر بہتر ہو گا بلکہ یہ پورے خطے میں استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

اس لئے تمام ملکوں کو اس منصوبے کو سراہنا چاہئے جس سے جنوبی ایشیا میں استحکام اور خوشحالی آئے گی۔ وزیر داخلہ نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ خطے میں امن اور سیکورٹی کے حصول کیلئے امریکہ کے ساتھ پارٹنر کی حیثیت سے کام کرنے کیلئے تیار ہے۔