کے ،ْ الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، طارق ملک

وزیر اعظم کراچی کے صنعتی، کاروباری اور گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری نوٹس لیں، کاٹی کا مطالبہ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے کی- الیکٹرک کے نرخوں میں ہونے والا اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جاری ہونے والے بیان میں کاٹی کے صدر طارق ملک کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری پہلے ہی کے -الیکٹرک کے نرخوں کے حوالے سے شدید تحفظات رکھتی ہے اور اب فی یونٹ 75پیسے کا اضافہ آئندہ سات برس کے لیے کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا میں کراچی کے تاجروں اور عوامی نمائندوں نے نرخوں میں اضافے کے خلاف اپنا موقف پیش کیا لیکن اسے مسترد کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی صنعتیں روز بروز بڑھتی ہوئی کاروباری اور پیداواری لاگت کے شدید دباؤ میںہیں، اس پر بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ ہمارے مسائل کو سنگین کردے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی و کاروباری اور گھریلو صارفین کو بجلی کے نرخوں کے سلسلے میں ریلیف سے محروم رکھا جاتا رہا ہے۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ اس اضافے پر نظر ثانی کے لیے فوری نوٹس لیا جائے اور کراچی کے گھریلو، صنعتی اور کاروباری صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :