لاہورکو صاف پانی کی فراہمی کے لئے سائفن کے مقام پر منی بیراج کی تعمیر کا فیصلہ

بیراج کی تعمیر اورپانی کی تقسیم تک مکمل منصوبے پر 30ارب لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے‘ ذرائع

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) لاہورکو صاف پانی کی فراہمی کے لئے سائفن کے مقام پر منی بیراج کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر 15 ارب جبکہ پانی کی تقسیم تک مکمل منصوبے پر 30ارب لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، حکومت نے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی سٹڈی سے استفادہ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے واسا اوراریگیشن کے اشتراک سے منصوبے پرکام جاری ہے، حال میں محکمہ آبپاشی نے واسا کو بی آربی سے 100 کیوسک پانی دینے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے تاہم سٹڈی کے مطابق یہ پانی صرف پانچ سال لاہور کی ضروریات پوری کرسکے گااس کے بعد مزید 300 کیوسک پانی کی ضروری پڑے گی جسے منصوبے کا حصہ بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بی آربی سے پانی کو شہر کی جانب بھیجنے کے لئے سائفن کے مقام پر منی بیراج تعمیر کیا جائے گا،اکتوبر کے آخر تک بیراج کا تعمیراتی ڈیزائن تیار کرکے پنجاب حکومت کو پیش کیا جائے گا جس کا ابتدائی تخمینہ 13سے 15ارب تک لگایا گیا ہے جبکہ بیراج سے شہر میں پانی کی تقسیم کا مکمل سٹرکچر، فلٹریشن پلانٹس سمیت منصوبے پر 30ارب لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

منصوبے کی تعمیر کے لئے بیرونی فنڈنگ کا سہارا لیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے راوی کے ایکو سسٹم اور دریا کی بحالی پر سٹڈی کی جارہی ہے جس پرایشین بنک کی جانب سے 120 ملین ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔پنجاب حکومت نے لاہور میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی سٹڈی سے بھی استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے محکمہ آبپاشی ، واسا اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :