ہائیکورٹ کا پنجاب بینک کی ڈیفالٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کو نیلام کرنے کا حکم

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بینک کی ڈیفالٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کو نیلام کرنے کا حکم دیدیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پنجاب بینک کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

بینک کے وکلاء کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے مالک ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے انسٹیٹیوٹ آف لیڈر شپ کے نام پر قرض حاصل کیا، انہوں نے قرض کیلئے 124 کنال 17 مرلے پر مشتمل یو ایم ٹی کی جائیداد رہن رکھوائی تھی، قرض کی عدم ادائیگی پر 2011 میں انسٹی ٹیوٹ آف لیڈر شپ کو ڈیفالٹر قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر حسن صہیب کے خلاف 2016 سے 44 کروڑ 70 لاکھ 16 ہزار روپے کی ڈگری بھی جاری ہوچکی ہے لیکن عدالتی ڈگری جاری ہونے کے باوجود ڈاکٹر صہیب نے بینک کے قرض کی مکمل رقم ادا نہیں کی۔فاضل عدالت سے استدعا کی کہ بینک نادہندہ سے رقم کی ریکوری کیلئے یو ایم ٹی کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی یونیورسٹی کو 11 نومبر کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :