جنرل قمر جاوید باجوہ کے خطاب سے پاکستان بالخصوص کراچی کی بزنس کمیونٹی کے حوصلے بڑھے ہیں،عارف یوسف جیوا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) :ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کی جانب سے ملکی معیشت کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ محمد عارف یوسف جیوا نے کہا ہے کہ گذشتہ روز کراچی میں معیشت اور سلامتی پر منعقدہ سیمینار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خطاب سے پاکستان بالخصوص کراچی کی بزنس کمیونٹی کے حوصلے بڑھے ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کراچی سمیت پورے پاکستان کی سلامتی اور معاشی سرگرمیاں بڑھنے کی یقین دہانی سے بلڈرز اور ڈیولپرز میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے جس کا تعمیراتی صنعت کی سرگرمیوں پر مثبت مرتب ہوں گے ۔ عارف جیوا نے کہا کہ ٓباد بھی آرمی چیف کو یقین دلاتا ہے کہ معاشی استحکام ،خوشخالی اور سلامتی کے لیے پاکستان کے بلڈرز اور ڈیولپرز ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔ آباد کے چیئرمین نے معیشت اور سلامتی پر دور رس نتائج کا حامل سیمینار منعقد کرنے پر آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور اور ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور ایس ایم منیر کو مبارکباد دی ہے۔