وزیراعلیٰ پنجاب کا گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ،مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی

وزیراعلیٰ کا ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اورڈاکٹروں کی موجودگی پر اظہارمسرت،ایم ایس کی گاؤن نہ پہننے پر سرزنش جنوبی پنجاب کے لوگوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250 بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے‘شہبازشریف کی ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:55

وزیراعلیٰ پنجاب کا گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ،مختلف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے کا اچانک دورہ کیا ۔وہ ملتان میں سپیڈو بس سروس کے افتتاح کے بعد بغیر پیشگی اطلاع گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال پہنچے،جہاںانہوںنے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور وارڈز اور مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ کی ہسپتال میں اچانک آمد پر ہسپتال کے عملے اور مزدوروں کو خوشگوار حیرت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال کا بھی دورہ کیااور ہسپتال کے مختلف وارڈز میں جاکر مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اورڈاکٹروں کی موجودگی پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میںمریضوں کوشاندار علاج معالجے کی سہولتیں مل رہی ہیںاور ہسپتال آکر میرا دل خوش ہوگیاہے ،تاہم وزیراعلیٰ نے گاؤن نہ پہننے پر ایم ایس کی سرزنش کی اور کہاکہ اتنے شاندار ہسپتال میں گاؤن نہ پہن کر ڈیوٹی کرناکسی صورت قابل قبو ل نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہسپتال میںمریضوںاوران کے لواحقین سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں اورانکے اہلخانہ نے ہسپتال میں علاج معالجے اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب اورگرد و نواح کے علاقوں کے لوگوں کو یہ ہسپتال حقیقی معنوں میں طبی سہولتیں فراہم کررہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250 بستروں کا اضافہ کر رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ تعمیراتی کاموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور اس ہسپتال میں توسیع سے لوگوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال جنوبی پنجاب کی عوام کو جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے اور کسی ہسپتال کی نجکاری نہیں کی جارہی ۔اس ہسپتال میں ہر مریض کا مفت علاج ہوتا ہے اوریہ سرکاری ہسپتالوں سے ہزار درجے بہتر ہے۔

یہ ہسپتال ان لوگوں کے لئے تازیانہ جو سرکاری ہسپتالوں میں موجود تو ہیں لیکن کام نہیں کرتے ۔انہوںنے کہاکہ میں نے آج ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا ہے اورہسپتال جا کرمریضوں سے خود پوچھا ہے کہ ان کا ہسپتال میں کس طرح علاج ہورہا ہے ۔ ہسپتال میں زیر علاج ہر مریض نے طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہا کہ ملتان کڈنی سینٹر بھی جلد کام شروع کردے گا۔