عقیدہ ختم نبوت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، شرعی وجہ کے بغیر کسی کو کافر کہنا قتل کے برابر جرم ہے، اشرف آصف جلالی

پریس کانفرنس کرتے ہی اشرف آصف جلالی کو گرفتار کر لیا گیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:07

عقیدہ ختم نبوت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، شرعی وجہ کے بغیر کسی کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی امیر شیخ القران مناظر اسلام ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اور جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر کے درمیان فریقین کے درمیان طے شدہ شیڈول کے مطا بق شام5بجے ہونے والے مناظرہ کے سلسلہ میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی لاہور پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے اور کافی دیر تک پروفیسر ساجد میر کا انتظار کرتے رہے مگر وہ نہ پہنچے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاعقیدہ ختم نبوت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے شرعی وجہ کے بغیر کسی کو کافر کہنا قتل کے برابر جرم ہے۔۔ہم نے لا اینڈ آرڈر کی صورت حال نہ پیدا کرنے کی وجہ سے ہزاروں کارکنوں کو پریس کلب آنے کی بجائے مرکز صراط مستقیم جانے کی دعوت دی اور حکومت سے تعاون کیا لیکن ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ساجد میر کو ختم نبوت جیسے حساس مسئلے پر کی گئی سازش کو تحفظ دینے پر پوری امت سے معافی مانگے ورنہ حکومت اس کو کسی چینل پر لائیو مناظرہ پر مجبور کرے ورنہ احتجاجی تحریک چلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کرتے ہی ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی کو گرفتار کر لیا گیا جب کارکنان نے مداخلت کی تو انہوں نے کہا میں خود گرفتاری دو نگا اس بات پر انہوں نے ہاتھ بلند کرکے نعرے لگائے اور خود پولیس کی گاڑی میںلبیک یا رسول اللہﷺ کہتے ہوئے سوار ہوئے ۔ پولیس نے ان کو کارکنان سمیت تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں منتقل کر دیا، بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ نے 11 اکتوبر سے 9 نومبر تک شہر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، شہر میں مذہبی مناظرے و دیگر حساس پہلو پر پابندی عائد ہے، پولیس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے پر تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :