عمران کو گرفتار کیا گیا تو کٹھ پتلی حکومت گر جائے گی، میاں محمودالرشید

الیکشن کمیشن کو وارنٹ نہیں اپنی ساکھ بچانے کیلئے غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:09

عمران کو گرفتار کیا گیا تو کٹھ پتلی حکومت گر جائے گی، میاں محمودالرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں عمران کو گرفتار کیا تو کٹھ پتلی حکومت گر جائے گی، الیکشن کمیشن کو وارنٹ نہیں اپنی ساکھ بچانے کیلئے غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی ، عوام اس غیر قانونی فعل کیخلاف ازخود سڑکوں پر نکلے گی، جب الیکشن کمیشن میں وکیل پیش کر دیا، توہین عدالت پر بلا مشروط معافی مانگ لی پھر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کس کو خوش کرنے کیلئے جاری کئے گئی تحریک انصاف اس غیر قانونی فعل کی شدید مذمت کرتی ہے لیکن ان سب کے باوجود بلیک میل ہونگے اور نہ ہی شریف خاندان کو کرپشن پر سزائیں دلانے سے پیچھے ہٹیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہا آئینی و قانون لحاظ سے تحریک انصاف کی رکنیت ختم ہوتے ہی عائشہ گلا لئی کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جانی چاہئے تھی لیکن اس میں تاخیر اور عمران خان کے وارنٹ گرفتاری میں جلدی صرف حکومتی ایما پر کی گئی، ا س سنجیدہ معاملے کو اسمبلی کے فلور پر اٹھائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ ملکی اداروں کو اپنی ساکھ بچانے اور عوام میں مقبولیت برقرار رکھنے کیلئے غیر جانبدارانہ پالیسی اختیار کرنا ہوگی ورنہ انتقامی سیاست اور روش ملک کو مزید تباہی کی جانب لے جائیگی۔