ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے، میئر کراچی

ہر صورت میں ترقیاتی سکیمیں مکمل ہونی چاہئیں ، ماضی کی طرح سست روی اور منصوبوں کو لٹکانے کا عمل قابل برداشت نہیں ہوگا،وسیم اختر

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:14

ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو بروقت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اے ڈی پی 2017-18ء (ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام) کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے، افسران اور متعلقہ عملہ شہر کی ترقی کی تکمیل کے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دیں، اس شہر اور یہاں کے شہریوں کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے تمام اداروں کو مشترکہ طور پر باہمی رابطوں کو مضبوط بناتے ہوئے ایک ٹیم ورک کی صورت میں کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والے وقت میں جاری اسکیمیں مکمل ہو کر شہریوں کے لئے سہولت کا باعث بن سکیں، ہر صورت میں ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہونی چاہئیں ، ماضی کی طرح سست روی اور منصوبوں کو لٹکانے کا عمل قابل برداشت نہیں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے غور و خوص کیا گیا، اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین آراضیات کمیٹی سید ارشد حسن،چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، چیف انجینئر الیکٹرک شفیع چاچڑ، ڈائریکٹر فنانس محمود بیگ سمیت مختلف چیف انجینئرز، ایکس ای این ، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع سائوتھ میں اے ڈی پی کے تحت 528.486 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 29 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 59.543 ملین روپے کی لاگت سے 3 اسکیموں کو مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ عنقریب 119.357 ملین روپے کی لاگت سے 6 اسکیمیں جلد ہی مکمل کرلی جائیں گی، ضلع شرقی میں اے ڈی پی کے تحت 937.050 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 42 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں 20 ملین روپے کی لاگت سے ایک اسکیم کو مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ عنقریب ہی 86.133 ملین روپے کی لاگت سے مزید 5 اسکیموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع وسطی میں 1151.368 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 60 مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 40 ملین روپے کی لاگت سے 2 اسکیمیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 119.314 ملین روپے کی لاگت سے جلد ہی مزید 7 اسکیموں کو بھی مکمل کرلیا جائے گا، ضلع غربی 897.383 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 47 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 19.218 ملین روپے کی لاگت سے ایک اسکیم مکمل کرلی گئی ہے جبکہ 133.037 روپے کی لاگت سے جلد ہی 7 اسکیمیں مکمل کرلی جائیں گی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ضلع ملیرمیں 437.522 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 24 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 3.800 ملین روپے کی لاگت سے ایک اسکیم مکمل کرلی گئی ہے جبکہ 51.079 ملین روپے کی لاگت سے جلد ہی مزید 3 اسکیموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ ضلع کورنگی میں 606.643 ملین روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 30 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 20.302 ملین روپے کی لاگت سے 2 اسکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ 118.547 ملین روپے کی لاگت سے مزید 2 اسکیمیں جلد ہی مکمل کرلی جائیں گی۔

میئر کراچی وسیم اختر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جاری ترقیاتی اسکیموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنا ہوگا، ہمیں دلجمعی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے اور ان کاموں کو کرتے وقت ہماری نیت یہی ہونی چاہئے کہ ہم اپنی جانب سے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا کر سو فیصد نتیجہ دیں گے انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران گرائونڈ پر خود بھی نظر آئیں اور اپنی نگرانی میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرائیں، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور دی گئی مدت پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،غیر معیاری کام کرنے والے کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا جبکہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے اپنے منتخب نمائندوں کی جانب دیکھ رہے ہیں اور چونکہ ہمیں کراچی کے عوام نے منتخب کیا ہے اس لئے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اس شہر کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں اور اس شہر کے مسائل کو حل کریں۔

متعلقہ عنوان :