وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس

پورٹ قاسم کیلئے ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ، کول پاور پلانٹس، نیلم جہلم پراجیکٹ، ہائیڈل پاور پراجیکٹس، تربیلا IV اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا حکومت چترال کے تمام دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، وزارت پانی توانائی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرے، مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے،وزیراعظم

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:24

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت چترال کے تمام دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، وزارت پانی توانائی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرے، مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں پورٹ قاسم کیلئے ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ، کول پاور پلانٹس، نیلم جہلم پراجیکٹ، ہائیڈل پاور پراجیکٹس، تربیلا IV اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی نے اجلاس کو بتایا کہ تمام ٹرانسمیشن لائنز پر کام کو تیز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پورٹ قاسم پاور پلانٹ تک بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز 31 اکتوبر کے مقررہ شیڈول سے پہلے ہی مکمل کر لی جائیں گی۔ اس طرح نیلم جہلم اور تربیلا IV کیلئے ٹرانسمیشن لائنز بھی بجلی کی پیداوار کے آغاز سے قبل مکمل لی جائیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 13 میگاواٹ کا گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسمبر 2017ء تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پوری چترال وادی میں بجلی کی فراہمی کیلئے 5.1 ارب روپے کی لاگت سے دو منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کے پی سی ون پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی اور پیسکو کو منصوبوں کے پی سی ون پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ چترال کے تمام دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنائی جا سکے۔ اس موقع پر وزارت پانی نے اجلاس کو بتایا کہ ایران کی حکومت موجودہ سو میگاواٹ مینجمنٹ میں سو میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی خواہاں ہے جس کی سالانہ بنیادوں پر تجدید کی جائے گی جبکہ مکران ڈویژن خصوصاً گوادر پورٹ اور انڈسٹریل ایریا میں بجلی کی فوری ضروریات پوری کرنے کیلئے سو میگاواٹ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے ساتھ گرڈ سٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے ایران سے اضافی بجلی خریدنے کے حوالہ سے وزارت پانی کی تجاویز کی منظوری دی اور کہا کہ منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی کو ہدایت کی کہ مکران ڈویژن کو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں پر کام مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس کو وزارت پانی کی طرف سے بتایا گیا کہ بہت جلد پاکستان کے پاس اضافی بجلی میسر ہو گی جس میں آئندہ سالوں میں تھرکول اور آنے والے ہائیڈل پراجیکٹس کے ذریعے مزید اضافہ کیا جائے گا اور ہمارے پاس آنے والی اضافی بجلی صنعتی شعبہ کی طلب اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھی کافی ہو گی۔