کراچی میں ایک اور خاتون پر تیز دھار آلے سے حملہ ،

متاثرہ خواتین کی تعداد 16 ہوگئی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 12:23

کراچی میں ایک اور خاتون پر تیز دھار آلے سے حملہ ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) کراچی میں ایک اور خاتون پر تیز دھار آلے سے حملہ کے بعد متاثرہ خواتین کی تعداد 16 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر اور گلشن کے بعد نامعلوم چھلاوے نے نارتھ ناظم آباد میں راہ چلتی خاتون کو تیز دھار آلے سے حملہ کرکے زخمی کردیا جس کے بعد خاتون نے حیدری تھانے سے رجوع کرلیا ۔35 سالہ متاثرہ خاتون شہرینہ کے مطابق ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار نے پیچھے سے ان پر حملہ کیا اور تیز دھارے آلے سے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون گھروں میں صفائی کا کام کرتی ہیں اور معمول کے مطابق اپنے گھر سے کام پر جا رہی تھیں کہ موٹرسائیکل سوار نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے کے 15 واقعات گلستان جوہر اور گلشن کے علاقوں میں پیش آئے ہیں۔پولیس کی جانب سے تمام تر پھرتیوں کے باوجود ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا جب کہ سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتار پر مدد دینے پر 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ ملزم نفسیاتی مریض لگتا ہے جو چاقو نہیں بلکہ سرجیکل بلیڈ یا اس سے ملتا جلتا کوئی آلہ استعمال کررہا ہے جو بازار میں عام دستیاب ہے۔

متعلقہ عنوان :