اوپن یونیورسٹی فاٹا اور بلوچستان کے عوام کو میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کرے گے،ڈاکٹر شاہد صدیقی

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:00

اوپن یونیورسٹی فاٹا اور بلوچستان کے عوام کو میٹرک تک مفت تعلیم فراہم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہاہے کہ یونیورسٹی کی جانب سے فاٹا اور بلوچستان کے عوام کو آئندہ سمسٹر سے میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کی جائیگی ، یونیورسٹی نے اپنی تاریخ میں اس سے قبل کبھی کسی پورے علاقے کے باشندوں کے لئے مفت تعلیمی پالیسی متعارف نہیں کی تاہم اب فاٹا اور بلوچستان کے لوگ مفت تعلیمی پالیسی کی اس سہولت سے بھر پور فائدہ حاصل کریں گے ،ْ اوپن یونیورسٹی بحیثیت میگا یونیورسٹی اپنی تعلیمی ذمہ داریاں بھر پور انداز میں ادا کررہی ہے اور ملک کے کونے کونے میں موجود اپنے 13۔

لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو تعلیم و تربیت کی سہولتیں ان کے دہلیز پرفراہم کررہی ہی" ان خیالات کا اظہار انہوں نے 'انگریزی زبان و ادب میں عصر حاضر کے رجحانات'کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ محققین کو تعلیمی معاونت کی فراہمی کے لئے یونیورسٹی اگلے سال انگریزی زبان کا خصوصی ریسرچ جرنل شائع کرے گی۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انگریزی زبان کو آسان اور عام فہم بنانے کے لئے زبان کے موضوعات کے حدود کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تین سال کی کارکردگی اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات کے نتیجے میں یونیورسٹی نے ریسرچ جرنل کی اشاعت اور کانفرنسسز کے انعقاد کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔

ریسرچ کے نتائج پالیسی میکرز اور سٹیک ہولڈرز تک پہنچانے کے لئے یونیورسٹی نے تین سال کے قلیل عرصے میں 14۔ریسرچ جرنل شائع کئے جبکہ اس سال کے آخر تک یہ تعداد 17۔ہوجائے گی ،ْ اسی طرح 24قومی و عالمی کانفرنسسز منعقد کی جاچکی ہیں۔سماج کی بنیادی ضروریات سے متعلق مختلف موضوعات پر 26۔نئے تعلیمی پروگرامز متعارف کئے۔ تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع ،ْ سیاست اور بین الاقوامی تعلقات ،ْ نفسیات اور ٹرانسلیشن کے شعبہ جات قائم کردئیے ہیں۔ دو روزہ کانفرنس میں ماہرین تعلیم کے بحث و مباحثوں کے بعدانگریزی زبان کے کوریڈور کو بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔کانفرنس کا اہتمام شعبہ انگریزی نے ایچ ای سی کے تعاون سے کیا تھا۔