جنسی ہراسگی کے الزامات ؛ ہاروی وائن اسٹین آسکر کی رکنیت کھو بیٹھے

آسکرانتظامیہ نے ہاروی کی رکنیت ختم کردی، اکیڈمی ایوارڈ کے بورڈآف گورنر نے 2 تہائی کی اکثریت سے یہ فیصلہ کیا

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:40

لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) فلمی دنیا کے معروف ترین ایوارڈآسکر کی انتظامیہ نے ہالی ووڈ پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین پر جنسی ہراسگی کے الزامات لگنے کے بعد ہاروی کی رکنیت ختم کردی۔65 سالہ معروف پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین گزشتہ کئی دہائیوں سے ہالی ووڈ میں کام کررہے ہیں ،لوگوں کے درمیان مہذب شخصیت کا لبادہ اوڑھے ہاروی کا اصل چہرہ اب سامنیآیا ہے، ہاروی گزشتہ کئی برسوں سے اس مکروہ فعل میں مبتلا ہیں جس میں صرف بیمار ذہنیت کے لوگ ہی مبتلا ہوسکتے ہیں ۔

ہاروی نے ہالی ووڈ کی ٹاپ اداکاراؤں انجلینا جولی، گیونتھ پالٹرو ، جینفر لورینس یہاں تک کہ بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سمیت کسی کو بھی نہ بخشا اور انہیں نہ صرف جنسی طور پر ہراساں کیا بلکہ منہ بند رکھنے کی دھمکی بھی دی۔

(جاری ہے)

کیرئیر ختم ہونے کے خدشات، خوف اور کم عمری کے باعث یہ اداکارائیں ہاروی کے خلاف کچھ نہ کہہ پائیں اور خاموشی سے جلتی کڑھتی رہیں، تاہم رواں ماہ 5 اکتوبر کو ہاروی کی مہذب شخصیت کے پیچھے چھپے بھیڑئیے کی حقیقت اس وقت سب کے سامنیآگئی جب امریکی اشاعتی ادارے نیویارک ٹائمز نے ہاروی کے خلاف جنسی ہراسگی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ شائع کی، حسب توقع ہاروی نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کی، تاہم ہاروی کا شکار بننے والی اداکاراؤں نے اب خاموشی توڑنے کی ٹھان لی تھی اور ایک کے بعد ایک اداکارہ نے ان پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا، یہاں تک کہ ہالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ انجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو نے ای میل کے ذریعے انکشاف کیا کہ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں ہاروی نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی جب کہ دوروز قبل بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کی سابق مینجر سیمون شیفیلڈ نے بھی انکشاف کیا تھا کہ ہاروی نے کئی بار ایشوریا سے تنہائی میں ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ہاروی پر لگنے والے الزامات کے پیش نظر دنیا بھر میں مقبول اکیڈمی ایوارڈ انتظامیہ نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا ، اجلاس میں انتظامیہ نے پروڈیوسرہاروی کیآسکر سے رکنیت ختم کردی، اکیڈمی ایوارڈ کے بورڈآف گورنر نے 2 تہائی کی اکثریت سے یہ فیصلہ کیا، بورڈآف گورنرکے مطابق پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹین پر متعدد اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات ہیں لہٰذا ان کیآسکر سے رکنیت معطل کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :