کشمیریوں کی تمام مشکلات اور پریشانیوں کا سبب بھارت کا بلا جواز اور غیر قانونی فوجی قبضہ ہے، سید علی گیلانی

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:51

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی تمام مشکلات اور پریشانیوں کا سبب بھارت کا بلا جواز اور غیر قانونی فوجی قبضہ ہے جسے قائم رکھنے کے لیے وہ ہمیشہ نت نئے حربے اور ہتھکنڈے آزماتا آیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کشمیر کی ہر بستی میں خوف ودہشت کا ماحول ہے، عفت مآب بہنوں اور بیٹیوں کی چٹیا کاٹنے کے شرمناک واقعات نے ہر گھر میں بے چینی پیدا کر رکھی ہے اور ہر شخص اپنی عزت اور جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے مضطرب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے مال وجان کے تحفظ کو یقینی بنائیں، لیکن کشمیر میں عوام کے جذبہ،ْ حریت کو دبانے کے لیے کبھی آپریشن -- پکڑو اور مارو کبھی آپریشن "گھوسٹ"کبھی آپریشن ٹائیگر، کبھی آپریشن آل اوٹ ترتیب دیا جاتا ہے جبکہ اب کشمیری خواتین کی چٹیا کاٹنے کا ایک مکروہ آپریشن شروع کیا گیا ہے لیکن بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اس طرح کی مکروہ کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کر سکے گا۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے نازک موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہر محلہ میں معتبر لوگوں پر مشتمل محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں اورنوجوان ان کی سرپرستی میں اپنے اپنے علاقوں کی نگرانی کا فریضہ انجام دیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جب کوئی مشکوک شخص ہاتھ آجائے تو اس پر ٹوٹ پڑنے کے بجائے محلہ کمیٹی کی نگرانی میں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے، تاکہ حکمرانوں کو مجرم کو بچانے اور بے قصوروں کو پھنسانے کا موقع نہ ملے۔