مالی سال کے ابتدائی دومہینوں میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں 27.18 فیصد اضافہ

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) رواں مالی سال کے ابتدائی دومہینوں میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 27.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی اوراگست کے مہینوں میں اشیائے خوراک گروپ کی درآمدات کا حجم 1.123 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اس عرصہ کے دوران خوراک گروپ میں شامل اشیاء کی درآمدات پر 883.156 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا گیا۔

اعداد وشمار کے مطابق خشک میوہ جات اورنٹس کی درآمدات پر جولائی اوراگست کے مہینوں میں 33.836 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا گیا، گزشتہ سال اسی عرصہ میں یہ شرح 24.142 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، بلحاظ وزن خشک میوہ جات کا حجم 33ہزار 596 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق اس عرصہ میں 35277 میٹرک ٹن مصالحہ جات کی درآمدات ہوئیں جس پر31.912 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تاہم اس عرصہ میں بچوں کیلئے ملک کریم اورخشک دودھ کی درآمدات میں22.59فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی اوراگست میں بچوں کیلئے ملک کریم اورخشک دودھ کی درآمدات پر 41.909 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کیا گیا، گزشتہ سال اس عرصہ میں درآمدات پر 54.142 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی اوراگست میں ملک میں دالوں کی درآمدات میں 22.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اس عرصہ میں دالوں کی درآمدات کا حجم ایک لاکھ 29 ہزار332 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا جس پر102.670 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا، گزشتہ سال اس عرصہ میں ایک لاکھ 50 ہزار150میڑک ٹن دالوں کی برآمدات ہوئی تھیں۔