سٹی اور سرائے صالح پولیس نے 6 ماہ میں کروڑوں روپے کی منشیات و اسلحہ برآمد کر کے درجنوں ملزمان کو گرفتار کیا

ڈپٹی سپرنٹندنٹ پولیس ہیڈ کوارٹر ہری پور کیڈٹ محمد صابر کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کیڈٹ محمد صابر نے کہا ہے کہ ڈی پی او شہزاد ندیم بخاری کی ہدایت پر شروع ہونے والی مہم کے دوران چھ ماہ میں تھانہ سٹی اور سرائے صالح پولیس نے کروڑوں روپے کی منشیات و اسلحہ جس میں 195 کلو 294 گرام چرس، 68 کلو 331 گرام ہیروئن، 20 کلو 45 گرام افیون، 2902 بوتل شراب، 96 پستول، دو عدد کلاشنکوف، دو عدد رائفل،10 بندوق اور 3469 کارتوس شامل ہیں، برآمد کئے اور درجنوں ملزمان کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا، لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 12 ملزمان، فائرنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 29 ملزمان اور سکیورٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 40 ملزمان کے خلاف دونوں تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، دونوں تھانوں کی حدود میں نقص امن کے تحت 603 لوگوں کے خلاف 107/151 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی، آوارہ گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1436 لوگوں اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ کروانے پر 15 مالک مکانوں اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر 34 ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں، آئے روز تیز رفتاری کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے 71 ڈرائیوروں کے خلاف زیر دفعہ پی پی سی 279 مقدمات درج کئے گئے جبکہ پہلی بار اشتہاری ملزمان جو قتل، اقدام قتل، چوری، ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں ملوث تھے اور قانون کی گرفت سے بچ کر فرار ہو چکے تھے، کے خلاف ٹھوس کارروائیاں کی گئیں اور تھانہ سٹی اور سرائے صالح پولیس کے افسران نے دن رات محنت کر کے 131 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں پہلی بار عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ایسے سود مند اقدامات کئے گئے ہیں جن کا فائدہ براہ راست عوام کو مل رہا ہے۔ پولیس اسسٹنٹ لائن (پال) اور پولیس ایکسس سروس (پی اے ایس) بھی انہی اقدامات کی کڑی ہیں جن سے روزانہ ہری پور کی سطح پر سینکڑوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں جبکہ عوام کو تھانوں کے اندر عوام کی مشکلات کم کرنے اور انہیں بروقت سہولیات فراہم کرنے کیلئے ابتدائی سطح پر تھانہ کوٹ نجیب الله، سرائے صالح اور تھانہ سٹی میں فرنٹ ڈیسک کے قیام کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جہاں پر ایک پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ بھرتی ہونے والا اے ایس آئی اور دو ایم اے تعلیم کے حامل پولیس کانسٹیبل عوام کی سہولت کیلئے موجود رہیں گے اور تھانہ میں آنے والے سائلین کو درست معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شکایت کا تین روز میں ازالہ کریں گے اور متعلقہ افسر سے شکایت کے متعلق رپورٹ بھی حاصل کریں گے۔

اس کے علاوہ فرنٹ ڈیسک پر آنے والے سائلین کی پولیس کی طرف سے موسم کے مطابق چائے اور لیمو پانی سے توازن بھی کی جائے گی جبکہ عنقریب ضلع کے دیگر تھانوں میں بھی فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ عناصرکے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے جس کے بغیر کامیابی ناممکن ہے، اسی مقصد کیلئے پولیس ایکٹ 2017ء کے تحت ضلع بھر کے دیہاتوں، گائوں اور شہروں میں پبلک لیزان کونسلیں بنائی گئی ہیں جن میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ 30 فیصد عام شہریوں کو بھی نمائندگی دیکر بااختیار بنایا گیا ہے اور انہیں کرایہ داروں کی چیکنگ، ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر نوٹس اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ ہونے کی صورت میں وارننگ جیسے دیگر بہت سے اختیارات دے دیئے گئے ہیں جو اس سے پہلے کبھی بھی عا م لوگو ں کو حاصل نہیں تھے ۔

متعلقہ عنوان :