وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس، شہر خموشاں پراجیکٹ کی توسیع پر پیش رفت و منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا

ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور 8 بڑے شہروں میں شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان بنانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت، سٹیرنگ کمیٹی اور شہرخموشاں اتھارٹی ملکر پروگرام کو آگے بڑھائینگے تمام اضلاع میں ماڈل قبرستان کی اشد ضرورت ہے، پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے،شہبازشریف

پیر 16 اکتوبر 2017 21:31

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس، شہر خموشاں پراجیکٹ کی توسیع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پیر کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر خموشاں پراجیکٹ کی توسیع کے حوالے سے پیش رفت اور منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور 8 بڑے شہروں میں شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان بنانے کا پروگرام فی الفور شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر خموشاں کی طرز پر صوبے کے تمام اضلاع میں ماڈل قبرستان بنائے جائیں گے اور ماڈل قبرستان بنانے کے لئے زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی اور پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی مربوط انداز سے اس اہم پراجیکٹ کو آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماڈل قبرستان کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں ماڈل قبرستان کی اشد ضرورت ہے، اس لئے اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ یہ پراجیکٹ اپنی عاقبت سنوارنے کا انتہائی اہم پروگرام ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان کا قیام ایک نیک کام ہے جس کی تکمیل کے لئے محنت کے ساتھ کام کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے زمین کی منتقلی کا کام فی الفور مکمل کیا جائے۔ اراکین اسمبلی و میئرز نے شہر خموشاں کی طرز پر ماڈل قبرستان کے قیام کے منصوبے کو وزیراعلیٰ پنجاب کاایک مستحسن اور نیک اقدام قرار دیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی سلمان صوفی نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ، زعیم حسین قادری، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان، ایم پی اے سیدہ عظمیٰ قادری، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف سیکرٹری اور چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ میئرز، کمشنرز، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے دفاتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔