وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کا پی ایس ایل کے 4میچز کراچی میں کرانے پر اتفاق

سندھ حکومت میچز کے دوران فول پروف سیکوریٹی فراہم کرے گی،سید مراد علی شاہ کی نجم سیٹھی کو یقین دہانی

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:29

وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کا پی ایس ایل کے 4میچز کراچی میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے آئندہ فروری میں کراچی میں پی ایس ایل کے 4میچ کرانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بدھ کو وزیرا علی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیرا علی ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں وزیرا علی سندھ نے انہیں کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کرانے کی پیشکش کی اور کہا کہ سندھ حکومت میچز کے دوران فول پروف سیکوریٹی فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پی سی بی کے معیار کے مطابق آپ کو سیکوریٹی فراہم کرے گی۔وزیر اعلی سندھ نے اس حوالے سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید اور آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ سے بات کی اور پی سی بی کے سیکوریٹی انچارج کرنل اعظم کے ساتھ ان کی میٹنگ فکس کی تاکہ سیکوریٹی انتظامات پر تفصیلی طورپر غور کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے نجم سیٹھی پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز کے دورے پاکستان کے دوران کراچی میں چند میچز منعقد کریں۔

ملاقات میں انہوں نے فوری طورپر نیشنل اسٹیڈیم کی بحالی پر بھی غور کیا۔ نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ سے کہا کہ انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے نیس پاک(این ای ایس پی اے کی) کے ساتھ بات چیت کی ہے اور انہوں نے اسے کم سے کم مدت میں مکمل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔وزیراعلی سندھ نے سندھ حکومت اور پی سی بی کے مابین سیکوریٹی اور دیگر معاملات کے حوالیسے کوآرڈینیشن کا ٹاسک اپنے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت کو دیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ آئندہ ہونے والے پی ایس ایل کے کراچی میں انعقاد صوبے بالخصوص کراچی کے لوگوں کے لیے ایک بہت اچھی خبر ہے ۔