وقت آ گیا ہے خطے میں پائیدار امن کیلئے مخالف قوتوں کیخلاف طاقت کی بجائے ڈائیلاگ کا طریقہ کار اپنایا جائے

تاکہ نفرت کے جذبات کو محبت میں بدلا جائے ، امن و آشتی کو فروغ ملے ،تاریخ سے ثابت ہے دنیا میں جنگ وتصادم سے تباہی پھیلی اور عوام کو جان و مال کو نا قابل تلافی نقصانات سے دو چار ہونا پڑا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا سبکدوش ہونیوالے امریکی قونصل جنرل ریمنڈ میگراتھ سے گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:21

وقت آ گیا ہے خطے میں پائیدار امن کیلئے مخالف قوتوں کیخلاف طاقت کی بجائے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مخالف قوتوں کے خلاف طاقت کی بجائے ڈائیلاگ کا طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ نفرت کے جذبات کو محبت میں بدلا جائے اور امن و آشتی کو فروغ ملے تاریخ سے ثابت ہے کہ دنیا میں جنگ اور تصادم سے تباہی پھیلی اور عوام کو جان و مال اور عزت و آبرو کے نا قابل تلافی نقصانات سے دو چار ہونا پڑا جبکہ بات چیت سے ہر قسم کے پیچیدہ ترین مسائل حل ہوئے اور لوگوں کی معاشی ترقی میں اضافہ ہوا یہی اصول افغانستان کیلئے اپنایا جائے تو گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری جنگ،خانہ جنگی اور تصادم کی فضاء کومحبت کے ماحول میں بدلا جا سکتا ہے جبکہ افغانستان میں امن پورے خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں سبکدوش ہونے والے امریکی قونصل جنرل ریمنڈ میگراتھ سے بات چیت کر رہے تھے۔ خیبر پختونخوا اور فاٹا کیلئے یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ٹموتھی ڈونے اور سیاسی و معاشی شعبے کے سربراہ ماٹن میئر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں سبکدوش امریکی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ امریکی حکومت کو دو اہم چیزوں پر قائل کرکے انسانیت ،خطے اوراس لحاظ سے پوری دنیا کے وسیع تر مفاد میں ایک بہت بڑی خدمت انجام دے سکتے ہیںاول افغانستان اور خطے میں طاقت اور جنگ کی بجائے ڈائیلاگ اور دوئم دہشتگردی کے خلاف طویل عرصہ قربانیاں دینے والے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جس کے ردعمل میں مخالفین کے امریکہ کے خلاف نفرت کے جذبات بھی ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائیں گے اور عالمی خیر سگالی کو تقویت ملے گی اسی طرح انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بھارت کو افغانستان میں مداخلت کا موقع دینا بھی ایک تشویشناک اقدام ہے جس پر نہ صرف پوری پاکستانی قوم کو انتہائی تشویش ہے بلکہ یہ پورے خطے میں عدم اطمینان اور مسائل میں اضافے کا باعث ہے جس سے امریکہ اور بھارت دونوں کو فائدے کی بجائے الٹا نقصانات اور عوامی نفرت کا سامنا ہو گا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 9/11کے بعد دہشتگردی کے خلاف عالمی برادری کا بھرپور ساتھ دیا اور سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں دیںاسکے بدلے میں ہماری صرف یہ خواہش ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن قائم ہو کیونکہ پاکستان کی ترقی بھی افغان امن سے منسلک ہے اگر مسائل ڈائیلاگ سے حل ہو سکتے ہیںتو طاقت کے استعمال سے گریز ہی بہتر ہے کیونکہ طاقت ہمیشہ بگاڑ کا باعث بنتا ہے اور مسائل ہونے کی بجائے مزید الجھ جاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر یو ایس ایڈ کے کردار کو سراہا بالخصوص پشاور شہر میں میونسپل خدمات کی بہتری کیلئے معاونت کا شکریہ ادا کیااور اُمید ظاہر کی کہ سبکدوش امریکی اہلکار خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں حکومت کے اعلان کردہ پرکشش ترغیبات سے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے ۔اس موقع پر ریمنڈ میگراتھ کے علاوہ یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ٹموتھی ڈونہ نے وزیراعلیٰ کو توانائی ، آبپاشی اور آبنوشی سمیت مختلف شعبوں میں امریکی امداد کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھر پورتعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :