عدالت کی بے نظیر قتل کیس کے نظر بند ملزمان کے بارے میں محکمہ داخلہ پنجاب کو جلد میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہدایت

ٹرائل کورٹ کی جانب سے بریت کے بعد ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر نظر بندی خلاف ضابطہ نہیں ہے ،ْ نظر بند ملزمان کی اپیل نمٹا دی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 16:53

عدالت کی بے نظیر قتل کیس کے نظر بند ملزمان کے بارے میں محکمہ داخلہ پنجاب ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) عدالت عالیہ نے بے نظیر قتل کیس کے نظر بند ملزمان کے بارے میں محکمہ داخلہ پنجاب کو جلد میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نظر بند ملزمان کی اپیل نمٹا دی ۔ کیس کی سماعت جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں ہوئی ۔سماعت جسٹس محمد طارق عباسی نے کی ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے ملزمان کی نظر بندی کے حوالے سے جواب داخل کرا دیا ۔

دوران سماعت فاضل جج نے کہاکہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے بریت کے بعد ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر نظر بندی خلاف ضابطہ نہیں ہے اور اگر مدعی یہ سمجھتے ہیں کہ نظر بندی کا فیصلہ عدالتی احکامات کے برعکس ہے تو توہین عدالت کی درخواست دائر کریں ۔ملزمان کے وکیل ملک جواد خالد ایڈووکیٹ اور رائو عبدالرحیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ندیم بھٹی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ندیم بھٹی نے فاضل عدالت کو بتایاکہ ملزمان کی ایک ماہ کی نظر بندی کی مدت کے خاتمہ کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب نے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ملزمان کی نظر بندی میں دو ماہ کی توسیع کی تھی جسے ملزمان کی جانب سے چیلنج نہیں کیا گیا لہذا نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں قابل سماعت نہیں ۔عدالت عالیہ نے نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب کو بھجواتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے مناسب وقت میں معاملہ نمٹائے ۔

اڈیالہ جیل میں نظر بند ملزمان شیر زمان،حسنین گل اور رفاقت حسین نے ملک جواد خالد ایڈووکیٹ کے ذریعے نظر بندی کو چیلنج کیاتھا ۔واضح رہے کہ بے نظیر قتل کیس میں ملوث 5ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 31 اگست کو مقدمہ سے باعزت بری کیا تھاجنہیں بعد ازاں ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا تھا ، نظر بندی کی مدت کے خاتمے سے قبل ہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب میجر (ریٹائرڈ )اعظم سلیمان نے مذکورہ ملزمان کی نظر بندی میں مزید دو ما ہ کی توسیع کے احکامات جاری کیے تھے ۔نظر بند ملزمان میں رفاقت حسین،حسنین گل،قاری عبدالرشید ترابی،اعتزازشاہ اور شیرزمان شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :