اسلام آباد پولیس، انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ کا انعقاد

اسلام آباد پولیس فٹبال ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میچ 3-0 سے جیت لیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 20:16

اسلام آباد پولیس، انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے درمیان دوستانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2017ء) اسلام آباد پولیس اور انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ کا انعقادہوا۔اسلام آباد پولیس فٹبال ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میچ 3-0 سے جیت لیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادکی خصوصی دلچسپی اور ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد بن اشرف،اسلام آباد پولیس کی سپورٹس کمیٹی کی خصوصی کاوشوں کے باعث اسلام آباد پولیس اور انٹرنیشنل ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں دوستانہ میچ کا انعقاد کیا گیا ۔

میچ کے مہمان خصوصی قائمقام آئی جی اسلام آبا د اشرف زبیر صدیقی تھے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز میر ویس نیاز،ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد بن اشرف،ایس پی ہیڈ کوارٹرز سمیرا اعظم،ہواوے پاکستان کے ڈپٹی سی ای او احمد بلال مسعود کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس ٹیم فٹ بال ٹیم کی قیادت اے آئی جی آپریشنز اسلام آباد کیپٹن (ر)محمد عامر خان نیازی جبکہ ہواوے ٹیم کی قیادت CHUN YUNنے کی ۔

اسلام آباد پولیس کی فٹبال ٹیم نے یہ میچ 3-0سے جیت لیا۔اسلام آباد پولیس کی طرف سے عثمان،فہد امین اور ساجد نے ایک ایک گول کیا۔میچ کے اختتام پر قائمقام آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس ٹیم کے کپتان محمد عامر نیازی کو جیت کی ٹرافی دی جبکہ رنز اپ ٹیم کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئی ۔اس موقع پر قائمقام آئی جی اسلام آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ اسلام آباد پولیس جہاں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے وہاں ان جوانوں کو لمبی ڈیوٹیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کا بھی موقع ملا ہے ۔

میں ہواوے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل کا مظاہرہ ایک کامیاب میچ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں اور اسلام آباد پولیس کی ٹیم کو میچ جیتنے پر شاباش اوردلی مبارکباد دیتا ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسانی زندگی کی ترقی اور قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور صحت مند معاشرے کی تعمیر میں مدد کرتی ہیں ۔

کھیلوں سے ناصرف لوگوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے بلکہ دبائو کے ماحول سے نکلنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔چونکہ پولیس افسران و جوان لوگوں کی جان و مال کے تحفظ ،جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و عامہ کے قیام کے لئے مقررہ اوقات سے بھی زیادہ وقت کے لئے اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے میں مصروف رہتے ہیں جس وجہ سے وہ ذہنی دبائو کا شکار ہو جاتے ہیں ۔پولیس اہلکاروں کی توجہ ایک جیسی روزمرہ روٹین سے ہٹا کراورذہنی طور پر تھکا دینے والے امور سے وقتی طور پر ان کی ذہنی و جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے کھیلوں کا انعقاد کرایا جارہا ہے ۔اس سے اہلکار ایک نئے جذبے او رولولے کے ساتھ فرائض منصبی سرانجام دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :