کشمیری عوام اپنے عظیم شہدا ء کی قربانیوںکو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیں گے، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

اتوار 22 اکتوبر 2017 12:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شہدائے بیج بہاڑہ ،فتح کدل اور آلوچی باغ کو ان کی 25ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہدا ء کی قربانیوںکو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیں گے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوںنے 1993ء میں درگاہ حضرت بل کو کئی ماہ تک بلاجواز محاصرے میں رکھا جس کے خلاف مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے اوراس دوران قابض فورسز کے اہلکاروں نے پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے سینکڑوں بے گناہ کشمیریوںکو شہیداور زخمی کر دیا۔

انہوںنے کہا صرف بیج بہاڑہ میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے پچاس سے زائد افرا کو شہید جبکہ 100کے لگ بھگ کو زخمی کر دیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت اس وقت بھی کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اسے اپنے مذموم ارادے میں ہرگز کامیابی نہیں ہو گی اور کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد ہر قیمت پر جار ی رکھیں گے۔ ترجمان نے مقبوضہ وادی میں چٹیا کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے مجرموں کی پشت پناہی کا سلسلہ بند نہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوںگے۔