مساجد ، ملٹری اکیڈمی پر خودکش حملے بزدلانہ کارروائی ہے، علامہ ساجد نقوی

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2017ء)قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سیدساجد علی نقوی نے افغانستان کی دو مساجد اور ملٹری اکیڈمی پر خودکش حملوںمیں کم از کم60 نمازیوں اور 15 زیر تربیت کیڈٹس کی شہادت کی مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

شیعہ علماکونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مساجد پر خودکش حملے ایک بزدلانہ کارروائی ہے اسلام خود کش حملو ں کی اجازت نہیں دیتا اور یہ حملے انسانیت کے خلاف ہیں۔ پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں افغانی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی20 اگست کو کابل میں نمازیوں پر ہونے والے ایک حملے میں 20 نمازی شہید ہو گئے تھے۔اُس وقت بھی حملے کی ذمہ داری ایک گروہ نے قبو ل کی تھی اور ان واقعات کی ذمہ داری بھی اسی گروہ نے قبول کی ہے، افغان حکومت کو چاہیے کہ خود کش حملوں میں ملوث اس گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں اور کے سرپرستوں کو قانون کے شکنجہ میں لیکر قرار واقع سزا دے۔