روس کا امریکا پر الرقہ میں تباہ کن بمباری سے ہزاروں شامیوں کو ہلاک کرنے کا الزام

اتوار 22 اکتوبر 2017 23:21

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) روس نے امریکا کی قیادت میں اتحاد پر شام کے شہر الرقہ پر تباہ کن فضائی حملوں میں ہزاروں شہریوں کو ہلاک کرنے کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ اتحادی طیاروں نے دوسری عالمی جنگ میں جرمن شہر ڈریسڈن پر تباہ کن بمباری کی اس طرح شہر کو بھی ملیامیٹ کردیا ہے۔اب اس تباہی کو چھپانے کے لیے بہ عجلت تمام انسانی امداد بھیجی جارہی ہے۔

روسی وزارتِ دفاع نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ الرقہ کو ڈریسڈن ایسی صورت حال سے دوچار ہونا پڑا ہے۔1945 میں برطانیہ اور امریکا نے تباہ کن بمباری کرکے ڈریسڈن کو ملیا میٹ کردیا تھا۔امریکا کی حمایت یافتہ کرد اور عرب جنگجوں پر مشتمل شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف)نے گذشتہ ہفتے داعش کے مضبوط گڑھ الرقہ پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسرے عہدے داروں نے اپنے بیانات میں ایس ڈی ایف کی اس جنگی فتح کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ داعش کی خلافت کا اب خاتمہ ہونے کو ہے۔

روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے نمائندے الرقہ میں داعش کے خلاف غیر معمولی فتح سے متعلق بیانات جاری کررہے ہیں اور اس کی تزویراتی اہمیت کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ اس کا کہنا ہے حقیقت تو یہ ہے کہ الرقہ ایک صوبائی شہر ہے اور یہ دیر الزور سے کہیں چھوٹا شہر ہے، جہاں روس کی حمایت سے شامی فوج داعش کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

اس نے مغربی ممالک پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ الرقہ میں تباہ کاریوں کی پردہ پوشی کے لیے اب جوق در جوق امدادی قافلے بھیج رہے ہیں جبکہ ماضی میں ان ہی ممالک نے انسانی امداد مہیا کرنے کی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔وزارت نے دعوی کیا ہے کہ اس طرح امداد بھیجنے کا ایک ہی مقصد ہوسکتا ہے کہ امریکی فضائیہ اور اتحاد کی سفاکانہ بمباری کے آثار کو مٹا دیا جائے۔

اس وحشیانہ بمباری میں داعش سے آزاد کرائے گئے ہزاروں پرامن شہری تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب کررہ گئے ہیں۔واضح رہے کہ روس ستمبر 2015 سے شام میں صدر بشارالاسد کی حمایت میں داعش اور دوسرے باغی جنگجو گروپوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہے ہیں۔روس کی فوجی مداخلت کے بعد سے شام میں جاری جنگ کا پانسا بشار الاسد کے حق میں پلٹ چکا ہے اور شامی فوج نے حلب سمیت بہت سے علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ تاہم انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ شام میں امریکا اور روس کے فضائی حملوں میں شہریوں کا بڑی تعداد میں جانی نقصان ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :