سری لنکا کو کلین سوئپ کرنے پر گورنر سندھ کی قومی ٹیم کو مبارکباد

پیر 23 اکتوبر 2017 20:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے سری لنکا کو کلین سوئپ کرنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ، آفیشلز اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے کھیل کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا زبردست لوہا منوایا، تاریخ ساز فتح کے حصول میں کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی اور ایک بار پھر ثابت کردیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دنیا کی صف اول کی ٹیموں کو کسی بھی گرائونڈ پر ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی آمد سے قبل قوم کو اس جیت کی شدید ضرورت تھی اور ٹی ٹونٹی کے لئے سری لنکن ٹیم کی آمد سے پاکستان میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے، طویل عرصہ بعد کرکٹ کے شائقین کو اپنے ہوم گرائونڈ میں انٹرنیشنل میچز دیکھنے کو ملیں گے، اس ضمن میںسری لنکن ٹیم کی میچ کھیلنے پر آمادگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے پاکستان آمد کے لئے رضامندی ظاہر کرنے پر سری لنکن ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :