وفاقی حکومت نے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی

پیپلز پارٹی کی معاملے پر پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلانے کی تجویز دیدی حلقہ بندیوں پر کابینہ کے فیصلے پر یکطرفہ عمل ہوا تو بہتر نتائج حاصل نہیں ہونگے،اختلافات سے بچنا ہے تو پارلیمانی سربرہوں کا اجلاس بلا کر تفصیلی مشاورت کی جائے،خورشید شاہ کی وفاقی وزیر قانون سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 26 اکتوبر 2017 15:27

وفاقی حکومت نے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اکتوبر2017ء) وفاقی حکومت نے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی جبکہ پیپلز پارٹی نے معاملے پر پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلانے کی تجویز دیدی ۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں پر کابینہ کے فیصلے پر یکطرفہ عمل ہوا تو بہتر نتائج حاصل نہیں ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیرقانون زاہد حامد اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سیدخورشید شاہ میںملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مردم شماری کے نتائج اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے درخواست کی کہ پیپلزپارٹی حلقہ بندیوں کے حوالے سے حکومت کی مدد کرے،جس پراپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کابینہ فیصلے اور مردم شماری نتائج پر پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلانے کی تجویز دیدی۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کابینہ کے فیصلے پر یکطرفہ عمل ہوا تو بہتر نتائج حاصل نہیں ہونگے، اختلافات سے بچنا ہے تو پارلیمانی سربرہوں کا اجلاس بلا کر تفصیلی مشاورت کی جائے،میں نے تجویز دیدی ہے اب دیکھیں حکومت اجلاس بلاتی ہے یا نہیں۔