نوازشریف اپنی نہیں عوام کی جنگ لڑرہے ہیں،شبنم بخاری

احتساب کے نام پر صرف ایک خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین

پیر 30 اکتوبر 2017 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی رہنماء ڈاکٹر ثانیہ کھیڑا کی رہائشگاہ پر گزشتہ روز مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنماء مریم نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لیگی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ شریف فیملی کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کرنے والے پارٹی کو توڑنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں‘ مسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔مریم نواز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کی زندہ مثال این ای120کے الیکشن میں کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت معاشی اوراقتصادی استحکام کے ایجنڈے پر کامیابی سے عمل پیراہے‘ورثے میں ملے ہوئے مالی مسائل اوربحرانوں سے جس طرح مسلم لیگ(ن)کی حکومت نبردآزماہوئی وہ سب کے سامنے ہیں‘عمران خان اور انکے حواریوں کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلیں کامیابیاں ہمیشہ ہی مسلم لیگ (ن) کا مقدر بنتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی اور عوام کا معیارِزندگی بلندکرنامسلم لیگ (ن) کا ایجنڈاہے ، حکومت تسلسل کیساتھ اپنے انقلابی پروگرام پر عملدرآمدجاری رکھے گی۔