Live Updates

نواز شریف دو نومبر کو وطن واپس ضرور آئیں گے مگر اپنی مرضی سے واپس نہیں جاسکیں گے،منظور حسین وسان

عمران خان کہتے ہیں آصف زرداری جیل جائیں گے مگر میں کہتا ہوں کہ عمران خان جیل جائیں گے،صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی میڈیا سے گفتگو

منگل 31 اکتوبر 2017 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ نواز شریف دو نومبر کو وطن واپس ضرور آئیں گے مگر اپنی مرضی سے واپس نہیں جاسکیں گے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری جیل جائیں گے مگر میں کہتا ہوں کہ عمران خان جیل جائیں گے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس صوبے میں ایک نشست بھی حاصل نہیں کرسکے گا۔

وہ گزشتہ روز کراچی میں سندھ اسمال انڈسٹریز کے تحت شاپس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ صحافی نے منظور وسان سے سوال کیا کہ آپ اپنوں کے لئے اچھے اور مخالفین کے لئے برے خواب دیکھتے ہیں یہ کیسے خواب ہیں اسکے جواب میں منظور حسین وسان نے کہا کہ میں نے خواب دیکھنا چھوڑ دیئے ہیں اب پیش گوئیاں کرتا ہوں کسی کے لئے اچھے برے خواب نہیں دیکھے خواب تو خود آتے ہیں ایم کیوایم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا مستقبل نظر نہیں آرہا، مستقبل میں ایم کیوایم کا سربراہ دبئی سے ہوگا، پیپلزپارٹی کے خلاف ماضی میں بھی کئی اتحاد بنے مگر وہ ناکامی سے دوچار ہوئے جی ڈی اے والوں کو بھی جیل جانے کے لئے تیار رہنا چاہیئے جیل میں قیدی زیادہ ہوتے ہیں جی ڈی اے سے کام لیکر اسے خدا حافظ کہہ دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

منظور وسان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹکراو شروع ہے ختم ہونے والا نہیں ہے نواز شریف کی طبیعت کو اچھی طرح جانتا ہوں وہ ٹکراو کے بغیر نہیں رہ سکتے مگرمیں کہتا ہوں کہ نواز شریف جیل ضرور جائینگے۔ نواز شریف دو نومبر کو پاکستان ضرور آینگے مگر اپنی مرضی سے واپس نہیں جاسکیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری جیل جائینگے مگر میں کہتا ہوں کہ عمران خان جیل جائیگا مستقبل میں شہباز شریف یا مریم نواز وزیراعظم بن سکتی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات