Live Updates

آصف زرداری ٹولہ سیاست کے نام پر کلنک کا ٹیکہ ہے،ڈاکٹر عارف علوی

سندھ سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کے لئے عمران خان سندھ کا بار بار دورہ کریں گے، تحریک انصاف کی سیاست جدوجہد سے ہی موروثی اور روایتی سیاست کا خاتمہ ہوگا

بدھ 1 نومبر 2017 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آصف زرداری ٹولہ سیاست کے نام پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ 05نومبر کو ضلع گھوٹکی اوباڑو میں ہونے والا جلسہ سندھ کی سیاست میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ سندھ سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف کے قائد چیئرمین عمران خان سندھ کا بار بار دورہ کریں گے اور شہر تحصیل میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف کی سیاست جدوجہد سے ہی موروثی اور روایتی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔ سیاست کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کے دن ختم ہوچکے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی ،دیوان سچل، الیاس شیخ ، دوا خان صابر ، اظہر لغاری، طاہر ملک اور دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر عارف علو ی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور انکے آقائوں کا ایک ہی کام رہ گیا ہے اور وہ کام صرف سندھ کے عوام کے وسائل لوٹنا ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن اور جان بوجھ کر گنے کی کرشنگ کا آغاز نہ کرنا آبادگاروں کے ساتھ زیادتی ہے۔ سارا سال محنت کر کے گنا اگاتے ہیں لیکن شوگر ملز مالکان جان بوجھ کر گنا وقت پر نہیں خریدتے اور آبادگاروں کو مناسب معاوضہ نہیں ملتا ۔ ڈاکٹر عارف علو ی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اپنے آقائوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے ہوش کے ناخن لیں اور بلا تاخیر شوگر ملیں چلانے کا نوٹیفکیشن جاری کر کے گنے کی قیمت میں بھی مناسب اضافہ کریں تاکہ آبادگاروں اور کسانوں کو انکی محنت کا سلہ مل سکے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات