Live Updates

عام انتخابات سے قبل جنوبی پنجاب نیا سیاسی میدان ،عمران خان کے جنوبی پنجاب میں جلسوں کے بعد بلاول بھٹوزرداری نے بھی 15دسمبرکو ملتان میں جلسہ کرنے اور جنوبی پنجاب سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا

مریم نوازپہلے ہی جنوبی پنجاب سے انتخابی مہم شروع کرنے کا عندیہ دے چکی ہیں،بڑی سیاسی جماعتوں کی سینئرلیڈرشپ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، آئندہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب سخت سیاسی میدان ثابت ہوگا،تجزیہ کار

ہفتہ 4 نومبر 2017 18:34

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 نومبر2017ء) عام انتخابات سے چند ماہ قبل جنوبی پنجاب سیاسی جماعتوں کیلئے نیاسیاسی مرکز بن گیا،چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑے جلسوں کے بعد چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 15دسمبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان سے جلسہ کرنے اور جنوبی پنجاب سے ہی آئندہ عام انتخابات کیلئے انتخابی مہم کے آغازکا اعلان کردیا ۔

مسلم لیگ (ن)کی رہنما مریم نوازپہلے ہی جنوبی پنجاب سے انتخابی مہم شروع کرنے کا عندیہ دے چکی ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات سے قبل جنوبی پنجاب ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کیلئے توجہ کامرکز بن گیا ،چئیرمین تحریک انصاف عمران خان ان دنوں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑے اور کامیاب جلسوں سے خطاب کررہے ہیں،عمران خان نے گزشتہ دنوں بہاولپور،کوٹ ادو اور خانیوال ،لودھراں میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کیا جس کے بعداب چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے 15دسمبرکو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کااعلان کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی 15دسمبر کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں جلسہ کر ے گی ،پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کی میزبانی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کریں گے ،ذرائع کے مطابق چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری ملتان جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغازکریں گے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نوازشریف اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں پہلے ہی اس بات کا عندیہ کا دے چکی ہیں کہ مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا آغازجنوبی پنجاب سے کرے گی،تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب سخت سیاسی میدان ثابت ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کی سینئرلیڈرشپ کا تعلق بھی جنوبی پنجاب سے ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات