Live Updates

پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کرپٹ مافیا کی حمایت کررہی ہے ،اس پارلیمنٹ نے مجرم کو پارٹی صدر بنانے کا قانون پاس کیا یہ بڑے چور ملک سے سے پیسہ لے جاکر لندن اوردبئی میں محلات بناتے ہیں وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں قوم کے مجرم کو پروٹوکول کیوں دے رہے ہیں ،سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پورا موقع دیا، چوری کی دولت بچانے کیلئے عدلیہ اور فوج پر حملے کررہے ہیں، نواز شریف نے جھوٹ بھی بولا اور جعلی کاغذات بھی دیئے، 300 ارب روپے جو کمالئے وہ باہر کیسے گئے،سارا پاکستا ن تبدیلی کیلئے جاگ چکا ہے، عوام فیصلہ کرچکی ہے اس طرح ملک کو چلنے نہیں دیں گے،نوازشریف مائنس ہونہیں جائینگے بلکہ ہوچکے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب خانیوال ن لیگ کا قلعہ تھا، آج یہاں سے (ن) لیگ کا قلع قمع ہوچکاہے ، قوم جاگتی ہے تو کایہ پلٹ دیتی ہے، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 4 نومبر 2017 23:50

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ،تحریک انصاف اقتدار میں آکر سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کو دے گی ،بڑے چور جو یہاں سے پیسہ لیجاتے ہیں اور لندن ،دبئی میں محلات بناتے ہیں وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں قوم کے مجرم کو پروٹوکول کیوں دے رہے ہیں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پورا موقع دیا چوری کی دولت بچانے کیلئے عدلیہ اور فوج پر حملے کررہے ہیں نواز شریف نے جھوٹ بھی بولا اور جعلی کاغذات بھی دیئے 300 ارب روپے جو کمالئے وہ باہر کیسے گئے ۔

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے شبیر اسٹیڈیم خانیوال میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے منافع بخش ادارہ پی آئی اے نیویارک روٹ بند کردیا جودنیا کی زبردست ایئر لائن تھی جو پاکستان تیزی ترقی کررہا تھا اس پاکستان پر چوروں نے قبضہ کرلیا غریب عوام پس رہی ہے سارا پاکستا ن تبدیلی کیلئے جاگ چکا ہے عوام فیصلہ کرچکی ہے اس طرح ملک کو چلنے نہیں دیں 30 سال سے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے قوم کو مقروض کردیا اور لوٹ کر اثاثے بنالئے ۔

(جاری ہے)

بڑے اداروں میں اگر لوگ میرٹ پر آتے تو ادارے نہ ڈوبتے اوپر بیٹھے لوگوں کا ایک ہی میرٹ ہے کہ وہ شریف خاندان کے وفادار ہیں ووٹ کے صحیح استعمال سے ملک کی حالت سدھر سکتی ہے ۔حکمرانوں کا پیٹ صرف قبر کی مٹی بھر سکتی ہے کسانوں کی مدد صرف پاکستا ن تحریک انصاف کرے گی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ خانیوال کی عوام کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں میں نے کبھی ایسا جذبہ اور جنون نہیں دیکھا چھوٹی سے کرپٹ مافیا عوام کا پیسہ لوٹ رہی ہے قوم میں جب شعور آتا ہے تو اپنے فیصلے سوچ سمجھ کے کرتی ہے اور حقیقی جمہوریت آتی ہے ووٹ کے صحیح استعمال سے ملک کی حالت سنور سکتی ہے اور حکمران قوم کا پیسہ لوٹ رہے ہیں اس وجہ سے ہم سڑکوں پر نکلے اور سپریم کورٹ گئے ،پارلیمنٹ نے مجرم کو پارٹی صدر بنانے کا قانون پاس کیا یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کررہی بلکہ کرپٹ مافیا کو سپورٹ کررہی ہے ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہاکہ جمہوریت میں قانون کی بالا دستی ہوتی ہے نواز شریف کو40 گاڑیوں کا پروٹوکول مل رہا ہے اسپیکر نے نواز شریف کے خلاف اس لئے ریفرنس نہیں بھیجا کیونکہ وہ ان کے گھر کا ملازم ہے سوائی1970 کے پاکستان میں کوئی شفاف الیکشن نہیں ہوا جب بھی دھاندلی ہوتی ہے کبھی ایماندار آدمی اوپر نہیں آسکتا ۔ میں سرکاری سکولوں کو اور ہسپتالوں کو بھیہ ٹھیک کرکے دکھاں گا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کروں گا کرپشن کی وجہ سے قرضے لینے پڑتے ہیں جس کی قیمت عوام کو مہنگائی کی صورت میں چکانا پڑتی ہے آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا قرضہ ہے آج پاکستان پر 25 ہزار ارب کا قرضہ ہے انہوں نے کہاکہ دھند سے بچے بیمار ہورہے ہیں نومبر میں کبھی اس طرح کی دھند نہیں پڑی یہ دھند نہیں یہ آلودگی پاکستان میں 3 لاکھ سے زیادہ ہر سال ہوا کی آلود گی سے مرتے ہیں کسی نے فکر نہیں کی کہ ہم نے اس ملک کی گندگی کو صاف کرنا ہے پاکستان تحریک انصاف ماحولیاتی گندگی کو صاف کرے گی ہم نے کے پی کے 3 سال کے اندر ایک ارب 18 کروڑ درخت لگائے ہیں اپنے آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچا اور ایک اچھا ماحول دینے کیلئے اقدامات کئے ایک ارب 18 کروڑ درخت کا مطلب ہے کہ چالیس چھانگہ مانگہ جیسے جنگل بنتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ خاقان عباسی سے زیادہ کمزور وزیر اعظم نہیں دیکھا جو نا اہل وزیر اعظم کے قدموں میں گراہوا ہے اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے تھوڑی سے دلیری دکھا کچھ عباسی کی دلیری دکھا بزدل وزیر اعظم نہ بنو ۔ انہوں نے کہاکہ 94 ارب روپے ایم اینز کو دے کر الیکشن نہیں خرید سکتے یہ بکنے والی قوم نہیں ہے انہوں نے کہاکہ نواز شریف کہتا ہے میں مائنس ون نہیں ہونے دوں گا، تم مائنس ون ہوگئے ہو سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے تمہیں مائنس کردیا ہے اورتم سپریم کورٹ پر تنقید کرتے ہو کہ سپریم کورٹ اور عدلیہ انصاف کا فیصلہ کرے تو تمہاری نظر میں سازش ہے نواز شریف تمہاری سیاست کی قبر کھد چکی ہے اور اس میں تمہاری سیاست دفن ہوچکی ہے ۔

تحریک انصاف قائد اعظم کا پاکستان بنائے گی ملک بدلے گا ، خوشحالی آئیگی ،روزگار کیلئے ملک سے باہر نہیں جانا پڑے گا ،چائنہ دنیا میں تیزی سے ترقی اس لئے کررہا ہے کہ چائنہ نے غریب اور کمزور طبقے کو اوپر اٹھایا ان کیلئے پالیسیاں بنائیں ۔چھوٹا کسان دن بدن پاکستان میں غریب ہوتا جارہا ہے ہم عام آدمی کیلئے پالیسی دیں گے چائنہ کی سالانہ آمدنی دس ہزار ارب ڈالر ہے انہوں نے 70 کروڑ عوام کو غربت سے نکالا ہم انشا اللہ اقتدار میں آئے تو دس کروڑ لوگوں کو غربت سے اوپر لے جائیں گے بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاری کرنے آئیں گے تو ہمیں کسی سے بھیک اور قرضہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔

ٹیکس نادہندگان سے 8 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کریں پنجاب پولیس کو ٹھیک کریں گے کپڑے نہیں بدلیں لوگ پولیس کی عزت کریں پولیس سے ڈریں گے نہیں اور ایسی پولیس بنادیں گے جو لوگوں کے جانوں مال کی حفاظت کرے لوگوں کیلئے خوف کی علامت نہ ہو۔ عمران خان نے کہاکہ میں قائد اعظم کو لیڈر مانتاہوں اگر قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد نہ کرتے تو ہمارا حال بھی وہی ہوتا جو نریندر مودی کے ملک میں مسلمانوں سے ہورہا ہے ہم پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے اقلیت کو پاکستان میں مکمل تحفظ ہوگا کسی مشکلات میں نہیں ڈالیں گے ان کی حفاظت کریں گے اور ان کو برابر کا شہر ی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کمزور طبقے کی مدد تب کرتی ہے جب اس کے پاس پیسہ آتا ہے قوم کے پاس بچوں کو پڑھانے کے پیسے نہیں ہوتے کرپشن قوموں کو تباہ کردیتی ہے حکومت کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے چار سال میں دبئی میں پاکستانیوں نے 800 ارب روپے کی پراپر ٹی لی اگر یہی روپے پاکستان میں خرچ ہوتے تو یہیں نوکریاں مل جاتی ہمارے مزدور دبئی میں نوکریاں کرنے جاتے ہیں بڑے چور یہاں پیسے باہر لے جاتے ہیں اور لندن دبئی میں محلات بناتے ہیں جبکہ غریب لوگوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں جو چھوٹی چوریاں کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہاکہ جو تین سو ارب روپے لے کر گیا وہ کہتا ہے مجھے کیوں نکالا کیاپیغام دے رہے ہیں کہ چوری کرنا تو بڑی کرنا چھوٹی چوری نہ کرنا ،وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں قوم کے مجرم کو پروٹوکول کیوں دے رہے ہیں۔ اگلے الیکشن میں وعدہ کریں اسے ووٹ نہیں دیں گے ۔نواز شریف نے قومی دولت لوٹ کر 300 ارب بیرون ملک بھیجے ہیں اور اب نواز شریف احتساب عدالتوں میں کرپشن کے مقدمات بھگت رہے ہیں وزیر اعظم ایک قومی مجرم کو تحفظ فراہم کرنا بند کریں ۔

قبل ازیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کبھی خانیوال ن لیگ کا قلعہ تھا آج وہ قلعہ ختم ہوچکا ہے اور اس کا یہاں سے قلعہ قمع ہوچکاہے ، قوم جاگتی ہے تو کایا پلٹ دیتی ہے اب ضلع خانیوال سے ن لیگ کی رخصتی ہو چکی ہے انہوں نے کہاکہ آج پاکستان حالت جنگ میں ہے پوری دنیا جانتی ہے پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردوں ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے حکومت پاکستان کے مسائل حل کرنے کی بجائے کرسی اور دولت بچانے کیلئے وزیر مشیر پانامہ کیس لڑ رہے ہیں مٹی کے تیل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کو خانیوال کی عوام مسترد کرتی ہے ۔

حکومت نے پاکستان کی لوم انڈسٹری تباہ و برباد کرکے رکھ دی ہے جس کے باعث مالکان لوم مشینیں لوہے کے سکریپ میں فروخت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک وقت تھا لوگ تحریک انصاف کے جھنڈے سے واقف نہیں تھے آج پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی بہار نظر آتی ہے ۔ پی پی اور ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے ساتھ ناٹ رچایا انہیں علیحدہ تشخص کی بات اور قرار داد ردی کی ٹوکری میں ڈال دی ۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہاکہ ایک پلڑے میں پاکستانی عوام جبکہ دوسرے میں کرپٹ خاندان ہے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر جو حقوق 70 میں نہ مل سکے وہ عوام کو دیئے جائیں گے ۔احمد یار ہراج نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی آمد پر انہیں 16 یونین کونسلوں کے چیئرمین ،وائس چیئرمین اور درجنوں کونسلروں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

جلسہ سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خاکوانی ،ضلعی صدر پیر ظہور حسین قریشی نے بھی خطاب کیا اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مہر افتخار احمد نکیانہ ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے ۔ جلسہ میں عطا اللہ عیسی خیلوی نے اپنا ترانہ پیش کرکے نوجوانوں کے خون کو گرمایا اور خوب داد وصول کی ۔عمران خان کے ہمراہ میڈیا ترجمان فواد چوہدری ،ایم این اے ملتان ملک عامر ڈوگر ،سابق ایم پی اے عباس ظفر ہراج ،رانا محمد سلیم حنیف جنرل سیکرٹری ضلع خانیوال ،ملک غلام مرتضے میتلا ،میاں جاویدجہانیاں ،فیصل خان نیازی، رانا ندیم عبداللہ خاں، ڈاکٹر سید خاور علی شاہ ،سردار شہباز خان سیال ،پیر ناصر علی شاہ ،پیر سید علی عباس شاہ ،جمشید شوکت ،حامد یار ہراج، کرنل عابد کھگہ ،مہر عمران پرویز دھول ،شیخ احتشام لطیف ،مہر افتخار حمد نکیانہ ایڈووکیٹ ، وزیر اقبال خان نیازی ،رانا وقار نثار ،یوتھ لیڈر احسان الہی ظہیر و دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات