نواز شریف بھاگے تو ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی ،خورشید شاہ

پیر 6 نومبر 2017 16:32

نواز شریف بھاگے تو ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی ،خورشید شاہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ ان کے خلاف کون سازش کر رہا ہے اب اگر نواز شریف کیسز کا سامنا کئے بغیر بھاگے تو ان کی سیاست مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی ۔ شاہد خاقان عباسی کا نااہل شخص کو وزیر اعظم تسلیم کرنا مذاق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 1998 کی پرانی مردم شماری پر کرانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن عام انتخابات کو مقررہ وقت پر ہونا چاہئے کیونکہ پیپلزپارٹی قبل از وقت انتخابات کی حامی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو پرانی مردم شماری پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ وہ پرانی مردم شماری پر ہی 2013 کا الیکشن جیتے ۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کے نزدیک کون سے کون سے لوگ سازش کر رہے ہیں وہ ان کے بارے میں اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ ان کا دشمن کون ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیسز کا سامنا کرنے ملک میں آئے ہیں اب اگر وہ راہ فرار اختیار کریں گے تو پھر ان کی سیاست مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اس وقت قائم مقام وزیر اعظم ہیں اور یہ ایک بہت بڑا مذاق ہے کہ وہ نااہل شخص نواز شریف کو اپنا وزیر اعظم تسلیم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر کوئی یوٹرن نہیں لیا حلقہ بندیوں پر ہمارے تحفظات تھے کیونکہ سندھ میں آبادی کو کم ظاہر کیا گیا ہے ۔ ہماری آبادی کے لحاظ سے 10 سے 12 نشستیں بڑھنی چاہئے تھیں ۔