تاجروں کو ہراساں،بلیک میل کرنے والے کسٹم کیخلاف ایف بی آر متحرک ہوگیا

مٹھی بھر افسران ادارے کی بدنامی کا سبب بن گئے ، پیچھا چھڑانا ناگزیر ،ْ فوری قانونی کارروائی کاآغاز کیاجائے ،ممبر کسٹمززاہد کھوکھر

بدھ 8 نومبر 2017 13:57

تاجروں کو ہراساں،بلیک میل کرنے والے کسٹم کیخلاف ایف بی آر متحرک ہوگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2017ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)تاجروں کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے کسٹمز افسران کے خلاف حرکت میں آگیاہے ،ذرائع کے مطابق ممبر کسٹمز زاہد کھوکھر نے تاجروں کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی بڑھتی شکایات کے باعث تمام چیف کلکٹرز کی وساطت سے کلکٹرز کوحکم جاری کیاہے کہ کسٹمز افسران اور عملے کے خلاف کرپشن اختیارات کے غلط استعمال بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے سے متعلق تاجروں کی شکایات پر سخت ایکشن لیاجائے اور متعلقہ کرپٹ افسران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کاآغاز کیاجائے ،حکم نامے میں کہا گیاہے کہ فیلڈ آفسز میں کام کرنے والے کسی بھی کسٹمز افسر کے خلاف شکایت ملنے پر شفاف انداز میں ترجیحی بنیاد پر انکوائری کرکے انہیں اس کے نتائج سے آگاہ کیاجائے ، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے کسٹمز افسران کی جانب سے تاجروں کوہراساں اور بلیک میل کرنے کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے ، اختیارات کاغلط استعمال کرنے والے کسٹمز افسران کے خلاف گزشتہ دنوں کراچی کسٹم ہاس میں کریک ڈان کیا گیاتھا اور اس کی خبریں میڈیا پر چلانے کااہتمام بھی کیا گیاتھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ کراچی کسٹمز اب بھی کرپٹ کسٹمز افسران کے بااثر اور طاقتور مافیاز بے لگام کرپشن میں مصرو ف ہیں، ذرائع نے بتایا کہ ممبر کسٹمز ایف بی آر زاہد کھوکھر کاکہناہے کہ مٹھی بھر کسٹمز افسران اپنی مذموم حرکات سے ایف بی آر کی بدنامی کاسبب بنے ہوئے ہیں جن سے پیچھا چھڑانا ضروری ہو گیا ہے ، ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف بی آر کی اعلی قیادت نے فیصلہ کیاہے کہ اگر یہ بات ثابت ہوجائے کہ کسٹمز افسران کے اثاثے ان کی آمدنی سے زیادہ اوررہن سہن شاہانہ ہیں تو ا ن کے کیسز مزید قانونی کارروائی کیلئے قومی احتساب بیورو(نیب)کوبھیجے جائیں گے ، اس سلسلے میں مبینہ کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف التوا میں پڑی ہوئی انکوائریز کوتیزی سے نمٹاجائے گا تاکہ اختیارات کاغلط استعمال کرنے والے اور کرپشن میں ملوث افسران کوکیفر کردار تک پہنچایاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :