ٹیکسٹائل ملز کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس سے استثنیٰ نہ دینے کیخلاف دائردرخواست پر چیئرمین ایف بی آر طلب

بدھ 8 نومبر 2017 20:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسٹائل ملز کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس سے استثنیٰ نہ دینے کے خلاف دائردرخواست پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کو طلب کرتے ہوئے سماعت نومبر کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے ٹیکسٹائل ملز کو بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس سے استثنیٰ کے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر سے بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس وصولی کو زیرو ریٹڈ قرار دیا لیکن بجلی کے بلوں میں ٹیکسٹائل ملز سے سیلز ٹیکس وصولی کی جارہی ہے ۔ایف بی آر کو سیلز ٹیکس وصولی سے استثنیٰ کی درخواستیں دیں لیکن ان پر فیصلہ نہیں کیا جارہا جبکہ گزشتہ سماعت پر ایف بی آر کے ممبر لیگل نے اس معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔فاضل عدالت نے ممبر لیگل کے پیش نہ ہونے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔فاضل عدالت نے مزید سماعت نومبر کے آخری ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کوطلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :