ممتاز بھٹو سیاسی مسافر ہیں کسی سے وفا نہیں کرسکتے،شبیر انصاری

فرنٹ کی جوٹوکری عمرا ن خان کے آگے رکھی ہے وہ پہلے نوازشریف کو پیش کی گئی، ممبرسینٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی مسلم لیگ(ن)

ہفتہ 11 نومبر 2017 17:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ ممتاز بھٹو سیاسی مسافر ہیں کبھی یہاں تو کبھی وہاں۔انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو جیسے سیاستدان کے ساتھ بھی وفا نہیں کی جب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کا حکم سنایا گیا یہاں تک کے پھانسی دیدی گئی اس وقت بھی ممتاز بھٹونے گھر سے ایک قدم نکالنا گوارا نہیں کیا میرا یقین ہے کہ اگر اس وقت کے پیپلزپارٹی کے تمام لیڈران کھڑے ہوجاتے تو ہوسکتا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی رک جاتی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا۔

این 220حیدرآباد میں قائم میڈیا سیل سے جاری بیان میںشبیر انصاری نے کہاکہ ممتاز بھٹو کسی کے ساتھ وفا نہیں کرسکتے ممتاز بھٹو نے برسوں اپنے صاحبزادے کو وفاقی وزیر بنواکرحکومت کے مزے لوٹے ،اب وہ ہی فرنٹ کی ٹوکری جو انہوں نے نواز شریف کو پیش کی تھی وہ اب انہوں نے عمران خان کو پیش کردی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2013کے انتخابات سے قبل یہ ہی سندھ نیشنل پارٹی مسلم لیگ ن میں ضم کی گئی تھی ،اب بلکل ایسی قسم کی مفاہمت انہوں نے پی ٹی آئی والوں سے کرلی ہے جس کا نتیجہ بھی بہت جلد قوم دیکھ لے گی ۔

جو جملے انہوں نے اس وقت نوازشریف سے کیے تھے وہ ہی شرائط اور جملے آج عمران خان کے سامنے پیش کئے جارہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو پارٹیاں اس قسم کے فصلی بٹیروں کو اپنے ساتھ ملاکر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس قسم کی حرکتوں سے اقتدار حاصل کرلیںگے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، کیونکہ ملک میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے عوام کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے ناکہ ان لوگوں کی جو ہردور میں چڑھتے سورج کو سلام کرنے کے عادی ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان کی جانب سے قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ غیر دانشمندانہ اور دیوانگی کا مظہر ہے وہ اگر وقت پر انتخابات چاہتے ہیں تو جان لیں کہ اس سے قبل نئی حلقہ بندیوں کے بعد آئین کی چند شقوں میں ترمیم کرنا لازمی ہوگا۔