خورشید شاہ واضح کریں ان کی نظر میں ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا معیار کیا ہے ،مسلم لیگ

(ن)کراچی ڈویژن کرپشن میں سندھ کے نااہل حکمران صرف جمہوریت کے دعویدار ہیں انہوںنے آج تک صوبے کی ترقی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے،خواجہ طارق نذیر شہر قائد جہاں 50سال قبل ڈبل ڈیکر بسیں چلتی تھیں پیپلزپارٹی کی حکومت نے آج اس شہر کو پتھروں کے زمانے میں پہنچادیا ہے ،حاجی شاہجہاں،عبدالحمید بٹ

پیر 13 نومبر 2017 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر ،نائب صدر حاجی شاہجہان اور میڈیا کوآرڈی نیٹرعبدالحمید بٹ نے کہاہے کہ کرپشن میں ملوث سندھ کے نااہل حکمران صرف جمہوریت کے دعویدار ہیں انہوںنے آج تک صوبہ سندھ کی ترقی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے ۔پیپلزپارٹی کی نظر میں عوام کا چنگی رکشوں میں سفراور بسوں کی چھت پر سفر کرنا اچھا معیار ہے ۔

شہر قائد جہاں 50سال قبل ڈبل ڈیکر بسیں چلتی تھیں پیپلزپارٹی کی حکومت نے آج اس شہر کو پتھروں کے زمانے میں پہنچادیا ہے ۔عوام کی عدالت 2018کے انتخابات میں ان کومسترد کردیں گے اورپیپلزپارٹی بھی موئن جو دڑو کے آثار کی طرح جائے عبرت بن جائے گی ۔

(جاری ہے)

پیر کو اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کا یہ کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس، اورینج ٹرین، گرین لائن ہو ں یہ منصوبے ملک کی 20کروڑ عوام کو ریلیف نہیں پہنچا سکتے ان کے غیر سنجیدہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

خورشید شاہ واضح کریں کہ ان کی نظر میں ترقی اور عوام کو ریلیف پہنچانے کا پیمانہ کیا ہے ۔تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور سندھ کے حکمران لندن میں صوفی فیسٹول کا انعقاد کرکے کروڑوں روپے کا ضیاع کررہے ہیں ۔کراچی کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے ۔جس شہر میں 50سال قبل ڈبل دیکر بسیں چلتی تھیں آج اسے سندھ کے حکمرانوں نے پتھروں کے زمانے میں پہنچادیاہے ۔

پیپلزپارٹی کی نظر میں عوام کا چنگی رکشوں میں سفراور بسوں کی چھت پر سفر کرنا اچھا معیار ہے آصف علی زردار ی اور ان کے ساتھیوں کو محض مال کمانے سے غرض ہے ۔عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کا ان کا دور تک کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی عدالت بے لاگ انصاف کرتی ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر کی طرح سندھ کے عوام بھی مسلم لیگ (ن)پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ 40سال سے مختلف طریقوں سے سندھ پر حکمرانی کرنے والی پیپلزپارٹی اور اسے کے رہنما نااہلی کا مجسم پیکر ہیں ۔عوام کی عدالت 2018کے انتخابات میں ان کومسترد کردیں گے اورپیپلزپارٹی بھی موئن جو دڑو کے آثار کی طرح جائے عبرت بن جائے گی ۔