Live Updates

سپریم کورٹ نے عمران خان کی نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 14 نومبر 2017 12:49

سپریم کورٹ نے عمران خان کی نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2017ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے خلاف نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان نا اہلی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دئے اور کہا کہ اس کیس میں 3 سوال اٹھائے گئے تھے، سورس آف لندن پراپرٹی، کتنی قیمت پر بیچا گیا، رقم کہاں خرچ ہوئی اور لندن پراپرٹی پاکستان میں کب ڈکلیئر کی گئی؟ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت لندن فلیٹ 2000ء میں ظاہر کیا گیا جس پر چیف جسٹس نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے لندن فلیٹ ظاہر کیا گیا لیکن کمپنی کبھی ڈکلئیر نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ عمران خان نہ تو بینیفیشل مالک تھے اور نہ ہی شئیر ہولڈر، اسی لیے کمپنی ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی بات میں یو ٹرن نہیں لیا اور نہ ہی ان کے کسی جواب میں تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لندن فلیٹ کی قیمت فروخت اور منی ٹریل بھی عدالت کو فراہم کر دی ہے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے عمران خان نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

فیصلے سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ یہ اُمید نہ رکھیں کہ فیصلہ کل آجائے گا، ابھی بہت مواد آنا باقی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم سچ کی تلاش کے لیے ہی یہ سماعت کر رہے ہیں، سچ بولنے کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو یاد نہیں رکھنا پڑتا کہ پہلے کیا کہا تھا۔ مجموعی تصویر سامنے رکھ کر دیکھنا ہے کہ بددیانتی ہوئی ہے یا نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :