احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 14 نومبر 2017 12:57

احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2017ء) : احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ احتساب عدالت کی آج کی کارروائی میں بھی اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے۔ نیب نے عدالت میں اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کر دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نیب کی تفتیشی ٹیم نے اسحاق ڈار کے گھر کا دورہ کیا، سکیورٹی انچارج نے اسحاق ڈار کے سیکرٹری سید منصور سے رابطہ کیا، اکبر علی نامی سکیورٹی انچارج اسحاق ڈار کے گھر پر موجود تھے۔ ان کے سیکرٹری نے بتایا کہ وہ لندن جا چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر خود کو عدالتی ٹرائل سے چھُپا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ وہ لندن میں علاج کی غرض سے مقیم ہیں لہٰذا حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

احتساب عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے۔ وارنٹ گرفتاری آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں جاری کیے گئے۔ عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کے ضامن کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :