اٹلی کی ٹیم 60 سال بعد فٹبال ورلڈ کپ سے باہر

اٹلی کی ٹیم 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں ورلڈ چمپئن رہ چکی ہے ،ْرپورٹ

منگل 14 نومبر 2017 13:59

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) اٹلی کی ٹیم 60 سال بعد پہلی مرتبہ روس میں منعقدہ فٹ بال ورلڈ کپ 2018 سے باہر ہوگئی۔چار مرتبہ ورلڈ فٹ بال چمپئن رہنے والی اٹلی کی ٹیم یورپ سے پہلے راؤنڈ میں ڈائرکٹ کوالیفائی نہیں ہوئی تھی جس کے بعد اسے سوئیڈن سے دو پلے آف کھیلنے پڑے ،ْپہلے میچ میں سوئیڈن کی نسبتاً کمزور ٹیم نے اٹلی کو اسی کی سرزمین پر ایک گول سے ہرا دیا، جس کے بعد اٹلی کی ٹیم کو امید تھی کہ شاید روم میں وہ سوئیڈن کو ایک سے زائد گول سے ہرا کر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلے گی۔

(جاری ہے)

لیکن سوئیڈن کی فٹ بال ٹیم، جو صرف ایک مرتبہ 1958 میں اپنی سرزمین پر کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میچ تک رسائی حاصل کرسکی تھی، لیکن برازیل سے دو گول کے مقابلے میں پانچ گول سے ہار گئی تھی، نے چار مرتبہ ورلڈ چیمپیئن رہنے والی ٹیم اٹلی کو فائنلز کی دوڑ سے باہر کردیا۔واضح رہے کہ اٹلی کی ٹیم 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں ورلڈ چمپئن رہ چکی ہے۔دوسری جانب اس میچ کے ساتھ ہی اٹلی کے گول کیپر گگی بفون کا انٹرنیشنل کیریئر بھی اختتام پذیر ہوا، جنہوں نے ٹیم کی ناکامی کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ،ْگگی بفون کو رواں سال فیفا نے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :