وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بلوچستان کے تمام علاقوں کو ترقیاتی لحاظ سے ملک کے دیگر علاقون کے برابر لانے کیلئے 10سالہ ’’ایکولائزیشن پیکیج‘‘ کا اعلان

صوبہ میں یونین کونسل کی سطح پر، تعلیم، صحت، گیس، پینے کے صاف پانی سمیت مختلف شعبہ جات پر مشتمل ترقیاتی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے جس پر اسی سال عملدرآمد شروع ہو جائے گا، منتخب جمہوری حکومت کی 5 سالہ مدت جون میں مکمل ہو گی جس کے بعد مقررہ مدت میں عام انتخابات ہوں گے، آئین کے مطابق حکمرانی ہوتی ہے، آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہئے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 14 نومبر 2017 18:13

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بلوچستان کے تمام علاقوں کو ترقیاتی لحاظ ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے تمام علاقوں کو ترقیاتی لحاظ سے ملک کے دیگر علاقون کے برابر لانے کیلئے 10سالہ ’’ایکولائزیشن پیکیج‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ میں یونین کونسل کی سطح پر، تعلیم، صحت، گیس، پینے کے صاف پانی سمیت مختلف شعبہ جات پر مشتمل ترقیاتی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے جس پر اسی سال عملدرآمد شروع ہو جائے گا، منتخب جمہوری حکومت کی 5 سالہ مدت جون میں مکمل ہو گی جس کے بعد مقررہ مدت میں عام انتخابات ہوں گے۔

وہ منگل کو گورنر ہائوس میں بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوںاور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ میں اپنی مصروفیات کا ذکرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہونے والے اجلاس میں پاک۔

چین اقتصادی راہدری (سی پیک ) اور بلوچستان میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے 10سالہ ایکولائزیشن پیکیج کے حوالہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی طرف سے تجویز پیش کی گئی جس سے وفاقی حکومت نے اتفاق کیا ہے، اس پیکیج کیلئے نصف فنڈز وفاق اور نصف فنڈز صوبہ فراہم کرے گا اور اسی سال منصوبہ پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا، پیکیج میں بلوچستان میں یونین کونسل کی سطح پر تعیمر و ترقی، تعلیم اور صحت کے شعبہ میں سہولیات، گیس کے منصوبے اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں تاکہ صوبے میں پائی جانے والی کمی کو پورا کرتے ہوئے بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سی پیک منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے گیس سپلائی سسٹم میں ایل پی جی کو مکس کرنے کے حوالہ سے 20 ارب روپے لاگت کے منصوبہ کا جائزہ لیا گیا جبکہ سی پیک کے تحت 80 ارب کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی ایک یا 2 ماہ میں کوئٹہ کا دورہ کرکے ان منصوبوں کا جائزہ لیا جائے تاکہ ان منصوبوں کی کارکردگی مزید اطمینان بخش ہو جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور جمہوریت چل رہی ہے، جون میں موجودہ حکومت اپنی مدت مکمل کر رہی ہے جس کے بعد 2 ماہ میں عام انتخابات ہوں گے اور جہموریت چلتی رہے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق حکمرانی ہوتی ہے، آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہئے۔